Tuesday, September 17, 2024

سعودی عرب میں پہلی خاتون کو ڈرائیونگ لائسنس جاری

سعودی عرب میں پہلی خاتون کو ڈرائیونگ لائسنس جاری
June 5, 2018
ریاض (92 نیوز) سعودی عرب میں خواتین اب آزادانہ گاڑی چلا سکیں گی۔ اس حوالے سے پہلی خاتون کو ڈرائیونگ لائسنس بھی جاری کر دیا گیا ۔ سعودی عرب میں ایک اور تاریخ رقم ہو گئی۔ جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر جاری کر دی گئی۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دو ہزار سترہ میں تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دی تھی۔ خواتین ڈرائیونگ لائسنس جاری ہونے کے بعد چوبیس جون سے ڈرائیونگ کر سکیں گی۔ خواتین کو گاڑی چلانے کی اجازت ایک شاہی فرمان کے ذریعے دی گئی ۔ شاہی فرمان کے تحت ٹریفک قوانین میں تبدیلیاں کر کے مردوں اور خواتین کے لیے یکساں ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کا حکم جاری کیا گیا ۔ سعودی ولی عہد شاہ سلمان بن عبد العزیز نے اس پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے وزارت داخلہ ، خزانہ اور محنت و سماجی فروغ کی وزارتوں کے نمائندوں پر مشتمل  کمیٹی بھی تشکیل دیدی اور اسے 30 دن کے اندر سفارشات پیش کرنے کا حکم دیا ۔ شاہ سلمان نے وزیر داخلہ کے نام اس حوالے سے خط بھی تحریر کیا جس میں واضح کیا گیا کہ سعودی علماء بورڈ کی اکثریت نے خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دینے کے حق میں رائے دی ۔ یاد رہے کہ سعودی عرب میں 1990 سے خواتین کی ڈرائیونگ پر پابندی عائد تھی یہ پابندی قانون کا حصّہ نہیں تھی تاہم معاشرتی اور تہذیبی طور پر سعودی عرب میں اس عمل کی اجازت نہیں تھی۔