سری لنکن ٹیم پر حملہ اور زمبابوے ٹیم کو دھمکیوں کی ذمہ داری ”را“ پر ڈالنا مفروضہ ہے: شہریار خان

لاہور (92نیوز) چیئرمین پی سی بی شہریار خان کہتے ہیں سری لنکن ٹیم پر حملے اور زمبابوے ٹیم کو دھمکیوں کی ذمہ داری بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ پر عائد کرنا مفروضوں پر مبنی ہے۔ شہریار کے بیان نے نئی بحث چھیڑ دی۔ اسی معاملے پر شجاع خانزادہ کا موقف دو ٹوک تھا کیونکہ انہوں نے ذمہ داری ”را“ پر عائد کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی کا ناکام دورہ اور پھر وطن واپسی پر ایک نئی بحث چھڑ گئی۔ نیوز کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ سری لنکن ٹیم پر حملے اور زمبابوے کی ٹیم کو دھمکیوں کی باتیں محض مفروضوں پر مبنی ہیں لیکن پنجاب کے شہید وزیرداخلہ شجاع خانزادہ نے ان معاملات میں ”را“ کو ملوث قرار دیا تھا۔
بھارتی ایجنسی کا کردار کیا تھا یہ تو وقت ہی بتائے گا مگر یہ بات یقینی ہے کہ بھارت پاکستان سے کرکٹ کھیلنے پر مکاری کامظاہرہ کر چکا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ سکیورٹی خدشات کی بنا پر ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے بائیکاٹ پر بورڈ حکام کیا فیصلہ کرتے ہیں۔