Saturday, July 27, 2024

سری لنکا نے آسٹریلیا کو پہلے ٹیسٹ میں 106 رنز سے شکست دیدی

سری لنکا نے آسٹریلیا کو پہلے ٹیسٹ میں 106 رنز سے شکست دیدی
July 30, 2016
کولمبو (ویب ڈیسک) تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ سری لنکا نے آسٹریلیا کو 106 رنز سے ہرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا اور آسٹریلیا کے مابین سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ پالے کیلے میں کھیلا گیا۔ سری لنکا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں صرف 117 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔ جواب میں آسٹریلیا بھی سری لنکا پر خاطرخواہ برتری حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ عثمان خواجہ چھبیس‘ سمتھ تیس‘ ووگز سینتالیس جبکہ مارش اکتیس رنز بنا کر نمایاں رہے۔ سری لنکا کی جانب سے ہیرتھ اور سانڈاکان چار چار وکٹوں کیساتھ نمایاں رہے۔ سری لنکا نے دوسری اننگز میں 353 رنز بنائے۔ اننگ کی خاص بات نوجوان کھلاڑی کوشل مینڈس کے اکیس چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 176 رنز تھے جو سری لنکا کو ایک اچھے مجموعے تک لے گئے۔ چندی مل نے 42 اور ڈی سلوا نے چھتیس رنز بنائے۔ آسٹریلین فاسٹ باﺅلر سٹارک نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ آسٹریلیا ہدف کا تعاقب کرنے میں ناکام رہا اور پوری ٹیم 161 رنزپر پویلین واپس لوٹ گئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے سمتھ پچپن رنز کی اننگ کھیل کر نمایاں رہے۔ سری لنکا کے ہیرتھ نے پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ سانڈاکان تین وکٹیں اڑا لے گئے۔ اس جیت کے ساتھ ہی سری لنکا کو آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔