Saturday, July 27, 2024

سرگودھا کے ایم اے پاس نوجوان نے نوکری نہ ملنے پر تندور لگا لیا

سرگودھا کے ایم اے پاس نوجوان نے نوکری نہ ملنے پر تندور لگا لیا
August 2, 2018
سرگودھا (92 نیوز) سرگودھا میں بھی ایک نوجوان ایسا ہے جس نے ایم اے پاس کر لیا لیکن لاکھوں جتن کے باوجود نوکری نہ ملی تو اس نے گھر کا خرچہ چلانے کیلئے تندور بنا لیا۔ ملک میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کی کمی نہیں لیکن نوکری نہ ملنا پڑھے لکھے نوجوانوں کیلئے مایوسی کا باعث بنا ہوا ہے۔ تندور پر روٹیاں لگاتا یہ سرگودھا کا رہائشی احمد شاہ  ایف اے کے بعد نوکری کی تلاش میں نکلا مگر اتنے اچھے نصیب کہاں۔ افسران کی ڈیمانڈ پر گریجویشن کی مگر پھر بھی بات نہ بنی یہاں تک کہ بی ایڈ کے بعد دو ہزار سولہ میں ایم اے بھی کر لیا لیکن قسمت کی دیوی مہربان نہ ہوئی اور وہ کٹھن حالات میں تندور پر روٹیاں لگا کر گزر بسر کرنے پر مجبور ہے۔ نوجوان کا کہنا ہے کہ اس نے نوکری کیلئے بہت ہاتھ پاؤں مارے، دفاتر کے بار بار چکر لگانا بھی اس کے کام نہ آیا لیکن علم پروردہ اس نوجوان نے ہمت نہ ہاری اور محنت مشقت کے بل بوتے پر ہی ایم ایڈ کا امتحان دینے کی تیاری کر رہا ہے۔ الیکشن جیتنے والوں نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا اعلان کیا تو اس کی بھی امید جاگ اٹھی۔ پڑھے لکھے اس نوجوان کا کہنا ہے کہ میرٹ پر نوکریاں دی جائیں تو غریبوں کے معاشی مسائل بھی حل ہو سکتے ہیں۔ لاکھوں بیروزگاروں کی طرح اس نوجوان نے بھی آئندہ حکومت سے امیدیں وابستہ کرلی ہیں کہ شاید انہیں بھی روزگار کی صورت میں ان کا حق مل جائے۔