سرگودھا میں جعلی پیر نے جن نکالتے ہوئے 8 سالہ بچے کی جان نکال دی

سرگودھا (92 نیوز) سرگودھا میں جعلی پیر نے جن نکالتے ہوئے 8 سالہ بچے کی جان نکال دی ۔ ملزم وسیم شاہ کے تشدد سے زخمی آہل رضا 22 روز سے لاہور کے نجی اسپتال میں زیرعلاج تھا ۔
سرگودھا کے نواحی گاؤں 47 شمالی میں جعلی عامل نے بچے کی جان لے لی۔ جن نکالنے کے بہانے عامل وسیم شاہ نے بچے پرلاٹھیوں سے تشدد کیا۔ 22 روز تک بستر مرگ پر رہنے کے بعد ننھا آہل موت کی آغوش میں جا سویا۔
ڈاکٹرز کے مطابق عامل کے تشدد سے بچے کا جبڑا ٹوٹ چکا تھا جبکہ جسم کے دیگرحصے بھی بری طرح متاثر ہوئے تھے۔
والدین نے عامل کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی سے انکار کر دیا جبکہ دوسری جانب ننھے آہل کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔