Tuesday, January 18, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

سرور دو عالم حضرت محمد  ﷺ کا یوم ولادت کا جشن ملک بھر میں مذہبی عقیدت اوراحترام سے منایا گیا

سرور دو عالم حضرت محمد  ﷺ کا یوم ولادت کا جشن ملک بھر میں مذہبی عقیدت اوراحترام سے منایا گیا
December 12, 2016

لاہور(92نیوز)نورمجسم ،نیئر اعظم ،سرور دو عالم  حضرت محمد ﷺ کی یوم ولادت باسعادت کا جشن ملک بھر میں آج  مذہبی عقیدت اور احترام سے منایا گیا۔ سرکار مدینہ کے عشق میں گرفتارغلامان مصطفیٰ نے شہر شہر گاؤں گاؤں میلاد ریلیاں نکالیں اور گلہائے عقیدت پیش کرکے فضا کو آپ ﷺ کے نام مبارک سےمعطرکیا۔ جشن میلاد  کے سلسلے میں ہر گھر اور ہر گلی کو بھی  سجایا گیا جبکہ عمارتیں برقی  قمقموں سے جگمگا اٹھیں ۔  

تفصیلات کےمطابق بارہ ربیع الاول کی صبح بہاراں کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں اکیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔ نماز فجر کے بعدمساجد میں درود وسلام کی محافل ہوئیں اور ملک وقوم کی ترقی اور خوشحالی  کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔  جشن میلاد کے سلسلے میں شہر شہر گاؤں گاؤں ریلیاں اور جلوس نکالے گئے جس میں ننھے منے بچوں سمیت عاشقان رسول نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پر علمائےکرام نے سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی اور دنیا و آخرت کی کامیابی کے لئے نبی آخر الزماں کے اخلاق حمیدہ  اپنانے کو لازمی قراردیا جلوسوں میں نعت خواں حضرات عقیدت کے پھول بھی نچھاور کرتے رہے ۔ عیدمیلاد پربچوں کی  خوشی دیدنی تھی  بچوں نےسرزمین حجاز  اورسرکار مدینہ سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار پہاڑیاں بنا کر کیا۔اس موقع پر  خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کے ماڈلز  توجہ کے مرکز  بنے رہے،، آپ ﷺ کی ولادت باسعادت پر جگہ جگہ سبیلیں لگائی گئیں، گلی  محلوں میں شرینی بانٹی گئی جبکہ اہل ثروت کی جانب سے  لنگر تقسیم کیا گیا ۔

پارلیمنٹ ایوان صدر، پرائم منسٹر ہاؤس سمیت ملک بھر میں  سرکاری اور نجی عمارتوں پر چراغاں کیا گیا ہے۔ ہر شے رنگ و نور میں نہائی ہوئی  ہے  اور  فضا  شمع رسالت کے پروانوں کےمیٹھے میٹھے بول سے معطر ہے ۔