Tuesday, October 4, 2022

سربراہ پاک بحریہ کی ترکش فلیٹ کمانڈر، کمانڈر آف ترکش نادرن سی ایریا سے ملاقات

سربراہ پاک بحریہ کی ترکش فلیٹ کمانڈر، کمانڈر آف ترکش نادرن سی ایریا سے ملاقات

اسلام آباد ( 92 نیوز ) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی ترکی کے سرکاری دورے پر ہیں ۔ پاک بحریہ کے سربراہ نے دورے کے دوران کمانڈر ترکش فلیٹ، وائس ایڈمرل اِرکیومنٹ ٹیٹلی اوگلو اور کمانڈر آف ترکش نادرن ایریا ریئر ایڈمرل (یو ایچ) اسکندر یلدرم سے ملاقاتیں کیں۔
ترکش فلیٹ ہیڈ کوارٹرز گولکک بیس پہنچنے پر کمانڈر ترکش فلیٹ نے ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا استقبال کیا ۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے سر براہ کو اعزازی سلامی پیش کی گئی ۔


ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کمانڈر ترکش فلیٹ وائس ایڈمرل اِرکیومنٹ ٹیٹلی اوگلوسے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ وارانہ اُمور بشمول بحری اشتراکیت اور بحرِ ہند میں سکیورٹی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ پاک بحریہ کے سربراہ کو ترکش فلیٹ کمانڈ کے متعلق تفصیلی بریفننگ بھی دی گئی ۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے خطے میں میری ٹائم امن و استحکام کو یقینی بنانے کے سلسلے میں ترکش نیوی کے کردار اورخدمات کی تعریف کی۔


ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے گولکیک نیول شپ یارڈ اور ترکش نیوی کے جہاز ہیبیلیادا کا دورہ کیا ۔ پاک بحریہ کے سربراہ نے جہاز کے عملے کے ساتھ بات چیت کی اور ان کی پیشہ وارانہ مہارتوں کو سراہا۔
اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کی دوستی بے مثال اور نہایت ہی اہم ہے اور دونوں ممالک کے مابین تعاون مضبوط تعلقات کا باعث ہے۔


پاک بحریہ کے سربراہ کا یہ دورہ دونوں ممالک بالخصوص دونوں بحری افواج کے مابین بحری اشتراکیت اور دفاعی تعلقات میں مزید وسعت و استحکام کا باعث ہو گا۔