سب کچھ قانون سے بالاتر ہو رہا ہے ، نواز شریف
اسلام آباد (92 نیوز) سابق وزیر اعظم اور قائد مسلم لیگ نے نواز شریف نے چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے پرویز مشرف کےحوالےسے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ سب کچھ قانون سے بالاتر ہو رہا ہے۔
احتساب عدالت میں صحاٖفیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ایسے شخص کو کیسے گارنٹی دی جا سکتی ہے ۔ ہماری عقل وفراست میں یہ بات نہیں آرہی ۔ کدھر گیا آئین و قانون ، آرٹیکل 6، اورکدھر گئے سارے مقدمے؟ ایک طرف سنگین غداری کامقدمہ دوسری طرف الیکشن لڑنے کی مشروط اجازت مل گئی۔
نواز شریف نے کہا کہ کوئی قتل کر دے ، آئین توڑ دے، تباہی پھیر دےچیف جسٹس جب چاہئیں گے تو اسے کچھ نہیں کہا جائے گا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ بگٹی قتل کیس میں مشرف شامل ہے ، ججوں کو نظر بند کرنے، 12 مئی کا واقعہ ، دو بار کے آئین توڑنے میں مشرف شامل ہے۔ غداری کا مقدمہ تھا ان پر اور اب مشروط اجازت دے دی گئی ۔
نواز شریف نے کہا کہ 12 مئی کا کیس ہے ججوں کو نظربند کیا گیا ۔ آئین توڑا گیا، لال مسجد آپریشن کیا گیا ۔ان سب کے ذمہ دار کو گارنٹی دی جا رہی ہے۔ کس آئین میں یہ لکھا ہے مجھے بھی پڑھا دیں۔ وہ شق مجھے بھی پڑھا دیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا مجھ جیسے لوگ اس وقت حیرت میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ دوسری طرف مجھے تاحیات نااہل کر دیا گیا ۔بیگم کی عیادت کے لئے تین دن کا استثنیٰ مانگا جونہیں مل رہا۔ ذرا موازنہ تو کیجئے۔ نواز شریف سے جب پوچھا گیا کہ کیا مشرف کو گرفتار کیا جائے گا تو نواز شریف نے کہا کہ میں اس بحث میں نہیں پڑتا ۔اور کہا گیا کہ جب یہ پوچھا گیا کہ کیا مشرف واپس آئیں گے تو انھوں نے کہا کہ میں قیاس آرائیا ں نہیں کرتا ۔