Saturday, September 14, 2024

سبی میں عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی حاصل اور جمع کرائے جانے کا سلسلہ جاری

سبی میں عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی حاصل اور جمع کرائے جانے کا سلسلہ جاری
June 9, 2018
کوئٹہ (92 نیوز) ملک بھر کی طرح بلوچستان کے شہر سبی میں بھی عام انتخابات کیلئے سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں کی جانب سے کاغذات نامزدگی حاصل اور جمع کرائے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ قومی اسمبلی کی نشست این اے259 سب سے بڑا حلقہ شمار کیا جارہا ہے ۔ قومی اسمبلی کا حلقہ این اے259جو سبی، ڈیرہ بگٹی، کوہلو، اور بارکھان کے علاقوں پر مشتمل ہو گا ، اس نشست پر بھی بلوچستان کے بڑے بڑے سیاسی رہنماءپنجہ آزمانے کو تیار ہیں ۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماء اور سابق وفاقی وزیر میر دوستین ڈومکی، نوابزادہ گزین مری، اور جمہوری وطن پارٹی کے صدر اور نواب اکبر خان بگٹی کے پوتے شاہ زین بگٹی بھی اس نشست سے انتخابات میں حصہ لینگے۔ دوسری جانب اسی نشست پر نواب اکبر خان بگٹی کے دوسرے پوتے نواب عالی خان بگٹی بھی کاغذات نامزدگی حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں۔ اسکے علاوہ بلوچستان کے سینئر سیاستدان ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ بھی این اے 259 سے ہی انتخابی دنگل میں قسمت آزمائینگے ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 259 سے مجموعی طور پر اب تک 21 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں تاہم سیاسی حلقے اس نشست پر ہونے والے تگڑے مقابلے کے انتظار میں ہیں ۔