Tuesday, October 4, 2022

ساہیوال : سزائے موت کے مجرم کی پھانسی عین آخری وقت ٹل گئی، لاہور اور فیصل آباد میں تین مجرم پھانسی کے پھندے سے جھول گئے

ساہیوال : سزائے موت کے مجرم کی پھانسی عین آخری وقت ٹل گئی، لاہور اور فیصل آباد میں تین مجرم  پھانسی کے پھندے سے جھول گئے
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) ساہیوال کی سینٹرل جیل میں تہرے قتل کے مجرم کو پھانسی سے کچھ دیر قبل مدعی کی جانب سے معافی مل گئی۔ لاہور اور فیصل آباد میں تین مجرموں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ ساہیوال کی سینٹرل جیل میں مجرم غلام مصطفیٰ کو آج پھانسی دی جانی تھی مگر مدعی عقیل احمد نے پھانسی سے کچھ منٹ قبل مجسٹریٹ کے سامنے مجرم کو معاف کر دیا جس کے بعد پھانسی موخر کردی گئی۔ مجرم غلام مصطفیٰ نے انیس سو پچانوے میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے خاتون اور اس کے دو بیٹوں کو قتل کر دیا تھا۔ فیصل آباد کی سینٹرل جیل میں پانچ افراد کو قتل کرنے والے مجرم حشمت علی کو پھانسی دے دی گئی۔ حشمت علی نے دو ہزار دو میں فائرنگ کر کے پانچ افراد کو قتل کر دیا تھا۔ لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قتل کے دو مجرموں آفتاب اور طارق کو پھانسی دی گئی۔ مجرم آفتاب نے انیس سو بانوے میں جبکہ طارق عرف تارا نے انیس سو پچانوے میں مخالفین کو قتل کیا تھا۔