Sunday, December 5, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

سانحہ گلشن اقبال پارک، مزید 3لاشوں کی شناخت، سانگھڑ کے شہزاد کی سیر بھی موت پر ختم

سانحہ گلشن اقبال پارک، مزید 3لاشوں کی شناخت، سانگھڑ کے شہزاد کی سیر بھی موت پر ختم
March 30, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) سانحہ گلشن اقبال پارک کے ایک سو بیالیس زخمی اب بھی مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں جن میں سے چار شدید زخمی تاحال جناح ہسپتال میں وینٹی لیٹرز پر زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں جبکہ مردہ خانے میں مزید چار لاشوں کی شناخت ہو گئی ہے۔ گلشن اقبال پارک دھماکے کے ایک سو بہتر زخمیوں کو جناح اسپتال، گنگارام، سروسز، جنرل اور میو سمیت نجی اسپتالوں میں پہنچایا گیا تھا جن میں سینتالیس خواتین اور انچاس بچے بھی شامل تھے۔ معمولی زخمیوں کو تو ڈسچارج کر دیا گیا مگر کئی افراد کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔ اس وقت جناح ہسپتال میں چونسٹھ، شیخ زاید میں چالیس، میو ہسپتال میں دس، سروسز میں پانچ، فاروق ہسپتال میں آٹھ، جنرل ہسپتال میں آٹھ، گنگارام میں دس اور چلڈرن ہسپتال میں ایک زخمی زیرعلاج ہے۔ پنجاب حکومت کی ہدایت پر زخمیوں کو علاج معالجے کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ دوسری جانب میو اسپتال کے مردہ خانے میں موجود چار نامعلوم لاشوں میں سے تین کی شناخت ہو گئی ہے، جن میں چوبرجی کی رہائشی دو سگی بہنیں شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق دونوں بہنوں کے ورثا لندن میں مقیم ہیں جن سے رابطہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ دھماکے میں جاں بحق ہونے والے کمسن بچے کی لاش کی بھی شناخت ہو گئی ہے۔ شہزاد سانگھڑ کا رہائشی تھا جبکہ اس واقعے میں ابتدائی طور پر خودکش حملہ آور قرار دیئے جانے والے یوسف کی لاش بھی مردہ خانے میں پڑی ہے۔