Saturday, July 27, 2024

سانحہ کوئٹہ کے شہداءکی مختلف شہروں میں غائبانہ نماز جنازہ‘ لواحقین کیلئے صبر کی دعا

سانحہ کوئٹہ کے شہداءکی مختلف شہروں میں غائبانہ نماز جنازہ‘ لواحقین کیلئے صبر کی دعا
August 9, 2016
کوئٹہ (92نیوز) سانحہ کوئٹہ کے بعد سارا ملک سوگ میں ڈوبا ہوا ہے۔ وکلاءبرادری اور سول سوسائٹی کی جانب سے مختلف شہروں میں شہداءکی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی ا ور ان کے لواحقین کے لیے صبر کی دعائیں مانگی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں دہشت گردی کی بدترین کارروائی پر ہر آنکھ اشکبار ہے اور ہر دل شہداءکے لیے دعاگو ہے۔ سپریم کورٹ کے احاطے میں سانحہ کوئٹہ کی نذر ہونے والے معصوم شہریوں کی غائبانہ نماز اجنازہ ادا کی گئی اور شہداءکے درجات کی بلندی کی دعائیں مانگیں۔ کراچی میں بھی سانحہ کوئٹہ کے شہداءکی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ سمیت پنجاب کے وکلاءلاہور ہائیکورٹ میں جمع ہوئے اور سانحہ کوئٹہ کے شہداءکی نمازجنازہ ادا کی۔ پشاور ہائیکورٹ میں بھی سانحہ کوئٹہ کے شہداءکی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں ہائیکورٹ کے جج صاحبان اور سینئر وکلاءنے بھی شرکت کی۔ فیصل آباد میں غائبانہ نماز جنازہ ڈسٹرکٹ بار میں ادا کی گئی جس میں وکلاءکی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ چھوٹے بڑے مختلف شہروں کی طرح مظفرگڑھ‘ رحیم یار خان اور چمن میں بھی سانحہ کوئٹہ میں شہید ہونیوالے شہریوں کی غائبانہ نمازہ جنازہ ادا کی گئی اور شہداءکے درجات کی بلندی کے ساتھ ساتھ ان کے ورثاءکے لیے صبر کی دعائیں بھی مانگی گئیں۔