Tuesday, January 18, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

سانحہ کوئٹہ کی انکوائری رپورٹ پر صوبائی حکومت کا مؤقف عدالت میں پیش کیا جائے گا : سرفراز بگٹی

سانحہ کوئٹہ کی انکوائری رپورٹ پر صوبائی حکومت کا مؤقف عدالت میں پیش کیا جائے گا : سرفراز بگٹی
December 16, 2016

 کوئٹہ (92نیوز)حکومت بلوچستان نے سانحہ آٹھ اگست کے حوالے سے سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے قائم تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ کو مکمل جامع قرار دیتے ہوئے اپنی کوتاہیوں کو دور کرنے کی یقین دہانی کرا دی صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کہتے ہیں کہ پورا ملک دہشت گردی کے خطرناک چیلنج سے نبرد آزما ہے جبکہ سانحہ کوئٹہ کی انکوائری رپورٹ پر صوبائی حکومت کا مؤقف عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔

کوئٹہ پریس کلب میں صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی اور ترجمان حکومت بلوچستان انوار الحق کاکڑ نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں قائم تحقیقاتی کمیشن نے انتھک محنت کے بعد جو رپورٹ تیار کی ہے حکومت بلوچستان اس پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنائے گی ۔

صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ آٹھ اگست واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کو انکے منطقی انجام تک پہنچا دیا گیا ہے جو سیکورٹی فورسز کی بہت بڑی کامیابی ہے۔ تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ میں صوبائی حکومت کی جن کوتاہیوں کا ذکر کیا گیا ہے اسے فوری طورپر بہتر بنانے کی کوشش کی جائیگی پورا ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے جس کیلئے بارڈر منیجمنٹ اور سیکورٹی کو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ سول ہسپتال واقعہ کے بعد تمام ہسپتالوں تعلیمی اداروں سمیت اہم عمارتوں کی سیکورٹی کیلئے پلان ترتیب دیا گیا ہے تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ میں بلوچستان میں ہونے والے انٹیلی جنس بیس آپریشنز کی تعریف کی گئی ہے بلوچستان میں ہونے والے انٹیلی جنس بیس آپریشنز کے باعث ہی دہشت گرد اپنے انجام کو پہنچ رہے ہیں۔