سانحہ کارساز کا مقدمہ مشرف‘ حمیدگل‘ پرویزالٰہی پر درج کیا مگر زرداری نے کارروائی رکوا دی: ذوالفقار مرزا
کراچی (92نیوز) سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا آج ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں پیش ہوئے۔ سیشن جج نے سماعت کے بعد انہیں 200 ساتھیوں سمیت 29اکتوبر کو پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔
عدالت میں پیشی کے موقع پر ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی جانب سے سانحہ کارساز دھماکے کا مقدمہ پرویز مشرف، حمید گل، چودھری پرویز الٰہی کے خلاف درج کیا گیا تھا مگر آصف زرداری نے اس پر کارروائی رکوا دی۔
حکومت سانحہ کارساز کی تفتیش کرکے حقائق سامنے لائے۔ انہوں نے کہا کہ آج حکومتی دباو¿ کے بعد آصف زرداری دبئی میں بیٹھ کر محترمہ کی شہادت کی سٹیٹ مینٹ دے رہے ہیں۔ انہیں آج محترمہ کی شہادت کا احساس ہوا ہے۔
میں پوچھتا ہوں کہ محترمہ کے ساتھ سانحہ کارساز میں پونے دو سو جیالے شہید ہوئے ان کا کیا ہوا ؟ وہ بھی کسی کے بیٹے تھے‘ باپ تھے۔
آصف زرداری کو حکومتی دباو کے بعد محترمہ کی شہادت کا مقدمہ یاد آیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مارک سیگل کے بیان میں صداقت ہے۔
سانحہ کارساز میں جامرز کام نہیں کررہے تھے۔ اس وقت میں سکیورٹی چیف تھا۔
آصف زرداری نے محترمہ کے خون کا سودا کرکے پانچ سالوں تک اقتدار کے مزے لوٹے‘ اب احتساب ہو گا۔