'سانحہ چارسدہ کی تحقیقات مکمل ہونے تک نتیجہ اخذ نہیں کرنا چاہتے'

اسلام آباد (92نیوز) ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا ہے کہ چارسدہ میں باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔ پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز نے انسانی جانیں بچانے کیلئے قابل تعریف کوششیں کیں۔ انہوں نے کہا تحقیقات جاری ہیں‘ تحقیقات مکمل ہونے تک کوئی نتیجہ اخذ کرنا صحیح نہیں۔ ہمارے افغان حکومت سے مختلف سطحوں پر رابطے ہیں۔ ہم افغانستان میں بھی امن چاہتے ہیں جس کی مثال ہارٹ آف ایشیا کانفرنس ہے۔
وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب اور ایران پر بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب اور ایران میں باہمی معاملات پر بات ہوئی۔ دونوں مسلم برادر ممالک کی جانب سے مثبت جوابات ملے۔
بھارت کے کیساتھ مذاکرات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاک بھارت سیکرٹریز خارجہ کی ملاقات جلد ہو گی‘ اس سلسلے میں دونوں حکومتیں رابطہ میں ہیں۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان ایران اورپی فائیو پلس طاقتوں کے درمیان معاہدے کا خیرمقدم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان اور امریکہ کے قریبی تعلقات ہیں اور نواز شریف کے دورہ واشنگٹن میں ان میں مزید مضبوطی آئی۔