اسلام آباد(ویب ڈیسک)سانحہ نلترمیں زخمی ہونے والے انڈونیشیا اورہالینڈ کے سفیر علاج کے لئے اپنے، اپنے وطن روانہ ہوگئے۔
وفاقی وزرا عبدالقادر بلوچ اور احسن اقبال نے دونوں غیر ملکی سفیروں کو الگ، الگ رخصت کیا۔
تفصیلات کے مطابق نلتر میں ہیلی کاپٹر کے کریش ہونے کے افسوس ناک واقعے میں زخمی ہونے والے انڈونیشیائی سفیر برہان محمد کوحادثے کے فوری بعد پہلے سی ایم ایچ گلگت اورپھرراولپنڈی منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔
حالت بہتر ہونے پر انڈونیشیائی سفیرکوائیرایمبولینس میں ان کے وطن روانہ کردیا گیا، جہاں ان کا بقیہ علاج ہوگا انہیں ایئرپورٹ پروفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ نے رخصت کیا۔
دوسری طرف ہالینڈ کے سفیر مارکل ڈی ونک بھی تھوڑا صحت یاب ہونے کے بعد اپنے وطن روانہ ہو گئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے انہیں ایئر ایمبولینس کے ذریعے روانہ کیا۔
دونوں سفیروں کی وطن روانگی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ارجنٹائن کے سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکام نے زخمی سفیروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کیں تاہم ان کی تسلی کے لئے انہیں وطن بھیجا گیا۔
وطن روانگی سے پہلے دونوں سفیروں کی طرف سے پاکستانی حکومت کی جانب سےدی جانے والی بہترین طبی سہولیات کو سراہا ہالینڈ کے سفیر کا کہنا تھا کہ وہ صحت یاب ہوکرپاکستان واپس آئیں گے۔