Wednesday, September 18, 2024

  سانحہ منیٰ : 1250شہید حاجیوں کی شناخت نہ ہوسکی ،پاکستانی شہدا کی تعداد 54ہوگئی : سردار یوسف

   سانحہ منیٰ : 1250شہید حاجیوں کی شناخت نہ ہوسکی ،پاکستانی شہدا کی تعداد 54ہوگئی : سردار یوسف
October 1, 2015
اسلام آباد(92نیوز)سانحہ منیٰ کے شہدا  کی شناخت کےلئے ڈی این اے ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں ، سرد خانوں  میں پڑے بارہ سو پچاس شہید حاجیوں کی شناخت نہیں ہو سکی وفاقی وزیر  سردار  محمد یوسف  کا کہنا ہے کہ    سانحہ میں   شہید   پاکستانیوں کی  تعداد چوون ہو گئی۔ تفصیلات کےمطابق سانحہ منیٰ میں ہر گزرتے دن  کے ساتھ  شہادتوں کی  تعداد بڑھ  رہی ہے سعودی  عرب میں موجود وفاقی  وزیر   برائے  مذہبی امور سردار یوسف نے  سانحہ میں  چوون   پاکستانیوں کی  شہادت کی  تصدیق کردی جن میں سے  اکیس کو  مکہ مکرمہ کے  قبرستان میں ہی  سپر د خاک کیا  گیا ہے۔ وفاقی  وزیرکے مطابق لاپتہ  تین سو پچاس حجاج کرام سے رابطہ ہو گیا ہے  جبکہ ایک سو دس کی   تلاش  جاری ہے اس سلسلے میں  نو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو لاپتہ افراد کے اعداد وشمار جمع کر رہی ہیں ادھر سابق وزیراعظم  یوسف رضا  گیلانی نے سردار  یوسف  سے ٹیلی  فون پر  رابطہ کیا اور اپنی  بھانجے  اسد مرتضی  گیلانی کی میت پاکستان  لانے  سے متعلق بات کی ۔ وفاقی  وزیر نے یوسف رضا گیلانی کو ہر ممکن  تعاون کی   یقین   دہانی کرائی  دوسری  جانب  مکہ  کے  سرد خانوں میں  رکھے  گئے   شہید بارہ سو پچاس  حجاج کرام  کی ابھی  تک  شناخت نہیں ہو سکی اس سلسلے میں  بیس ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم قائم کردی  گئی ہے جو  شہدا کا   ڈی این اے ٹیسٹ کر رہے  ہیں ،میتوں  کی  شناخت کے بعد  انہیں  ورثا کے حوالے کیا جائے  گا۔ پاکستان کی جانب سے سعودی حکومت  کو درخواست  کی گئی تھی  کہ سانحہ   منیٰ میں  شہید اور زخمی  ہونے والے  حاجیوں کی شناخت فنگر پرنٹ سے کرائی جائے ۔