Thursday, September 19, 2024

سانحہ منیٰ میں کتنے حجاج کرام شہید ہوئے؟ تعداد معمہ بن گئی !!! مسلم ممالک کی سعودی حکومت پر سخت تنقید

سانحہ منیٰ میں کتنے حجاج کرام شہید ہوئے؟ تعداد معمہ بن گئی !!! مسلم ممالک کی سعودی حکومت پر سخت تنقید
September 30, 2015
لاہور (92نیوز) سانحہ منیٰ میں کتنے حجاج کرام شہید، زخمی اور لاپتہ ہوئے سعودی حکومت سمیت کہیں سے صحیح تعداد سامنے نہیں آرہی۔ دنیا بھرکے مسلمان تذبذب کا شکار ہیں۔ دوسری طرف سفارتی عملہ کو رسائی نہ دینے پر مسلم ممالک نے سعودی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سانحہ منیٰ کو چھ دن ہو گئے لیکن تلاش اور شناخت کا عمل جاری ہے۔ دوسری طرف شہداءاور زخمیوں کی تعداد کا معمہ برقرار ہے۔ سعو دی وزارت صحت نے چھبیس ستمبر کو شہداءکی تعداد سات سو انہتر بتائی تھی جس کے بعد سعودی حکومت کی جانب سے مسلسل خاموشی ہے تاہم پاکستان نے پہلے کل شہداءکی تعداد نو سو بتائی جس کے بعد وزیراعظم آفس کے فوکل پرسن نے اچانک گیارہ سو حجاج کرام کے منیٰ میں شہید ہونے کا انکشاف کیا۔ یہی نہیں مکہ مکرمہ میں موجود پاکستان کے وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے شہداءکی تعداد ساڑھے تیرہ سو بتا دی۔ پاکستانی حجاج کرام کے شہید ہونے کی تعداد بھی بتدریج بڑھ رہی ہے جبکہ برطانوی اخبار گارڈین نے سانحے کے دو روز بعد دوسو چھتیس پاکستانیوں کے شہید ہونے کا دعوی ٰ کیا تھا۔ دوران حج ہونے والے اس افسوسناک واقعے پر جہاں ہر آنکھ اشکبار ہے وہیں سعودی حکومت پر ایران اور انڈونیشیا سمیت کئی ملکوں نے شدید تنقید کی ہے۔ ان ممالک کے حکام کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت حجاج کرام کے شہید، زخمی اور لاپتہ ہونے سے متعلق صحیح اعداد وشمار بتا رہی ہے نہ ہی سفارتی عملے کو رسائی دی جا رہی ہے تاکہ وہ اپنے شہریوں کی زندگی سے متعلق بروقت فیصلہ کر سکیں۔