سانحہ منیٰ میں پاکستانی شہداءکی تعداد 60 ہو گئی !!! 26 کی سعودی عرب میں تدفین کر دی گئی
لاہور (92نیوز) سانحہ منیٰ میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد ساٹھ ہو گئی۔ چھبیس کی سعودی عرب میں تدفین کردی گئی جبکہ نوے لاپتہ ہیں۔ لواحقین زندہ مل جانے کی آس میں اب بھی اپنوں کو تلاش کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سانحہ منیٰ کو دس روز ہو گئے لیکن آس اور امید کے دئیے آج بھی روشن ہیں۔ جن کے پیاروں کے شہید ہونے کی تصدیق اور شناخت ہوئی ان کے بے قرار دل کو تو صبر آ گیا لیکن جن کے پیارے اب بھی لاپتہ ہیں، وہ کرب اور پریشانی میں مبتلا ہیں۔
مکہ، جدہ اور طائف کے ہسپتالوں میں شہید حجاج کرام کی میتیں رکھی گئی ہیں جہاں روزانہ سیکڑوں افراد شناخت کے لئے ہیں۔ لواحقین اسپتالوں کے استقبالیہ پر فہرستوں کا جائزہ لیتے ہیں اور سرد خانوں میں جھانکتے ہیں کہ کہیں ان کا اپنا تو اس سانحہ کی نذر نہیں ہوا۔
دوسری جانب سانحے میں بچ جانے والے حجا ج کرام کا کہنا ہے کہ انہوں نے حادثے کے مقام پر کئی شہید پاکستانیوں کو دیکھا۔ حکام کو اس کی بروقت اطلاع بھی دی لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
ادھر گورنر مکہ خالد الفیصل نے شہید ہونے والے تمام حجاج کرام کو سعودی عرب کے قبرستانوں میں ہی سپرد خاک کرنے کی تجویز دے دی۔