Sunday, September 25, 2022

سانحہ مستونگ میں شہدا کی تعداد149 ہوگئی

سانحہ مستونگ میں شہدا کی تعداد149 ہوگئی
کوئٹہ (92 نیوز) سانحہ مستونگ میں شہدا کی تعداد ایک سو انچاس تک پہنچ گئی ۔ خودکش دھماکے میں  ایک سو چھیاسی افراد زخمی ہوئے ۔ بلوچستان حکومت نے زخمیوں کی مکمل فہرست جاری کر دی۔ ادھر مستونگ دھماکے کی نئی ویڈیو بھی سامنے آگئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی سراج رئیسانی خطاب کرنے ڈائس پر آئے ، دھماکا ہو گیا۔ نعروں کی جگہ آہوں اور سسکیوں نے لے لی۔ افسوسناک سانحہ پر ملک بھر میں ابھی بھی سوگ کا سماں ہے۔ قومی پرچم سرنگوں رہا۔ سراوان ہاؤس میں رئیسانی فیملی سے تعزیت کرنے والوں کا تانتا بھی بندھا رہا۔ نگران وزیر اعظم ،چیئرمین سینیٹ،عمران خان ،شہبازشریف بلاول بھٹو زرداری سمیت متعدد سیاسی رہنما سراوان ہاؤس  پہنچے اور رئیسانی فیملی سے تعزیت کی ۔ مرحوم کے بلند درجات کیلئے دعا بھی کی گئی۔ عمران خان نے سراج رئیسانی کی شہادت کو قومی سانحہ  قرار دیا اور کہا کہ انتخابات کو ملتوی کرانے کیلئے سازش ہو رہی ہے۔ سربراہ بی این پی سردار اختر مینگل، محمود خان اچکزئی ،مولانا عبدالغفور حیدری  سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں اور قبائلی شخصیات نے  بھی شہید کے اہل خانہ  سے تعزیت کا اظہار کیا۔ نگران وزیر اعظم ناصر الملک ، صادق  سنجرانی ،اور عمران خان نے سی ایم ایچ میں سانحہ مستونگ کے زخمیوں کی بھی عیادت کی ۔