Tuesday, April 30, 2024

سانحہ قصور: سوشل میڈیا صارفین نے زینب کیلئے انصاف کی مہم چلا دی

سانحہ قصور: سوشل میڈیا صارفین نے زینب کیلئے انصاف کی مہم چلا دی
January 11, 2018

قصور (92 نیوز) قصور کی معصوم زینب کے اغوا، بے حرمتی، اور قتل کیخلاف سوشل میڈیا پر بھی بھونچال آ گیا۔ ہزاروں افراد نے درد ناک واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زینب کیلئے انصاف کی مہم چلا دی۔
جنسی درندوں کی بربریت کا شکار سات سالہ زینب سے زیادتی اور اس کے قتل کے خلاف سوشل میڈیا صارفین بھی یک آواز ہو گئے۔ سوشل میڈیا پر سیاستدانوں، اداکاروں، کھلاڑیوں، صحافیوں اور سماجی کارکنوں سمیت ہزاروں پاکستانیوں نے ایک آواز ہو کر زینب کیلئےانصاف کی صدا بلند کر دی۔
سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ہزاروں لوگ جسٹس فار زینب کے ہیش ٹیگ سے چلائی گئی مہم میں شریک ہوئے اور اس افسوسناک واقعے پر اپنے دکھ کا اظہار کیا جبکہ کئی افراد نے ماضی میں زیادتی کا نشانہ بنائے گئے قصور کے بچوں کا بھی ذکر کیا۔
اس حوالے سے مریم نواز شریف نے کہا کہ امید اور دعا ہے کہ ملزم نہ صرف پکڑے جائیں بلکہ نشان عبرت بنائے جائیں۔
ادھر پی ٹی آئی کے عارف علوی نے ملزموں کو سخت سزا دیئے جانے کا مطالبہ کیا اور والدین اور اساتذہ سے اپیل کی کہ وہ بچوں کو اس حوالے سے آگاہی دیں جبکہ ریحام خان نے اپیل کی کہ لوگ آئندہ ہفتے قصور میں چائلڈ ابیوز کیخلاف ہونے والی ایک ریلی میں شریک ہوں۔
دوسری طرف اداکار حمزہ علی عباسی نے کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آ رہی کہ وہ اپنے احساسات کا اظہار کن الفاظ میں کریں جبکہ
سماجی شخصیت منیبہ مزاری نے واقعے کو خوفناک قرار دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ ہم کس معاشرے میں رہ رہے ہیں؟۔
نادیہ جمیل نامی صارف نے لکھا کہ کب تک ہم بچوں سے نامناسب سلوک پر خاموش رہیں گے؟۔
ملالہ یوسف زئی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے یہ کہا کہ آج ان کا دل خون کے آنسو رو رہا ہے یہ ایسا کب تک چلے گا۔