Tuesday, October 4, 2022

سانحہ تیز گام کیسے پیش آیا ، گتھی مزید الجھ گئی

سانحہ تیز گام کیسے پیش آیا ، گتھی مزید الجھ گئی
اسلام آباد (92 نیوز) سانحہ تیز گام کیسے پیش آیا ، سوالیہ نشان لگ گیا، ریلوے انتظامیہ کے برعکس ایک عینی شاہد نے  آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ قرار دیدی ، کہا کہ  ایک پنکھے میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی۔  وزیر ریلوے شیخ رشید اور ریلوے  حکام نے سلنڈر دھماکے کو آگ لگنے کی وجہ قرار دیا۔ سانحہ تیز گام پیش آنے کی وجہ سلنڈر دھماکہ یا شارٹ سرکٹ ، گتھی سلجھنے کی بجائے مزید الجھ گئی ، ٹرین میں سوار ایک مسافر کے مطابق  ٹرین میں پہلے ہلکی آگ لگی، میں نے زنجیر کھینچی لیکن آگ نے ساری بوگی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ ایک عینی شاہد کے مطابق ٹرین میں لگا پنکھا تین چار دن سے شارٹ سرکٹ کررہا تھا ، اے سی میں بھی خرابی پیدا ہوئی ، حادثہ  مسافروں کی نہیں انتظامیہ کی نا اہلی کی وجہ سے پیش آیا۔ کچھ عینی شاہدین کے مطابق ٹرین میں آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ،کچھ کا کہنا تھا پنکھا گرنے کے بعد سلنڈر دھماکا ہوا۔ دوسری جانب وزیر ریلوے  سمیت دیگر حکام سانحہ کی ذمہ داری مسافروں کی لا پرواہی پر ڈال رہے  ہیں  کہ سانحہ سلنڈر پھٹنے سے ہوا۔ ٹرین مینجر آصف نے بھی دعویٰ کیا کہ ٹرین میں آگ سلنڈر دھماکے کی وجہ سے ہوئی ، اسٹاف نے مسافروں کو چائے بنانے سے منع بھی کیا۔ سانحہ کی وجوہات جاننے کیلئے کمیٹی بنا دی گئی ہے  ، مکمل تحقیقات کے بعد ذمہ داروں کا تعین کیا جائیگا۔