Saturday, July 27, 2024

سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں دہشت گردی کی دفعات شامل کرنے کا فیصلہ

سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں دہشت گردی کی دفعات شامل کرنے کا فیصلہ
August 13, 2016
کراچی (92نیوز) کراچی کی مقامی عدالت نے20 اگست تک سانحہ بلدیہ کا چالان طلب کر لیا۔ فیکٹری مالکان کی حاضری سے استثنیٰ اور مفرور ملزم علی حسن قادری کی درخواست ضمانت مسترد کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کی مقامی عدالت میں سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کی سماعت ہوئی تو ملزم ارشد، منصور، شاہ رخ و دیگر کو پیش کیا گیا۔ معزز جج نے استفسار کیا کہ فیکٹری مالکان کہاں ہیں؟ وکیل نے بتایا کہ ان کی استثنیٰ کی درخواست آئی ہے۔ عدالت نے سوال کیا کہ کیا آپ مقدمہ اے ٹی سی میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ جی تیاری مکمل ہے۔ ایڈیشنل چالان اے ٹی سی میں پیش کریں گے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ جب تک چالان پیش نہیں کیا جاتا فیکٹری مالکان ملزم تصور کئے جائیں گے۔ عدالت نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے چالان پیش کرنے کیلئے تفتیشی افسر کو بیس اگست تک مہلت دیدی۔ تفتیشی افسر کے مطابق حکومت نے سانحہ بلدیہ کیس میں اے ٹی سی دفعات شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عدالت نے پی ایس پی رہنما انیس قائم خانی کے قریبی ساتھی مفرور ملزم علی حسن قادری کی عدم پیشی پر درخواست ضمانت مسترد کر دی۔ جے آئی ٹی کے مطابق ملزم نے ایم کیو ایم سے معاملہ طے کرانے کیلئے فیکٹری مالکان سے پانچ کروڑ پچاسی لاکھ روپے وصول کئے۔ ملزم نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ انیس قائم خانی کے ذریعے معاملات طے کروا دے گا۔