Wednesday, January 19, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

سانحہ بلدیہ: عبدالرحمان عرف بھولا کا 19 دسمبر تک جسمانی ریمانڈ منظور

سانحہ بلدیہ: عبدالرحمان عرف بھولا کا 19 دسمبر تک جسمانی ریمانڈ منظور
December 14, 2016

کراچی (92نیوز) ملک کی تاریخ کے بدترین سانحہ میں اہم موڑ آگیا۔ اے ٹی سی نے سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مرکزی ملزم اور ایم کیو ایم کے سابق سیکٹر انچارج عبدالرحمان عرف بھولا کا 19 دسمبر تک جسمانی ریمانڈ دیدیا۔ عدالت نے ہائی پروفائل کیس کے تفتیشی افسر کی تبدیلی کے احکامات بھی جاری کر دیے۔

تفصیلات کے مطابق سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کا ملزم بالآخر کٹہرے میں آہی گیا۔ ایف آئی اے کے انسداد دہشت گردی ونگ نے ایم کیو ایم کے سابق سیکٹر انچارج ملزم عبدالرحمان عرف بھولا کو کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کر دیا۔ ملکی تاریخ کے بدترین سانحے میں ملوث اہم نام سامنے آنے کے امکانات روشن ہو گئے۔

ایف آئی اے نے عبدالرحمان بھولا کی گرفتاری اور ایم کیوایم کراچی تنظیمی کمیٹی کے سابق انچارج حماد صدیقی کی عدم گرفتاری سے متعلق رپورٹ پیش کردی۔ عدالت نے تفتیشی افسر انسپکٹر راجا جہانگیر پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کردیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ہائی پروفائل کیس میں نااہل ترین افسر تعینات کیا گیا۔

ایس ایس پی سطح کا تفتیشی افسر لگانے کا حکم دیا تھا، عملدرآمد کیوں نہیں کیا گیا؟ اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر نے بتایا کہ سینئر افسر کی تعیناتی کیلئے ڈی آئی جی کو خط لکھ چکے ہیں۔ عدالت نے ملزم عبدالرحمان بھولا کو انیس دسمبر تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیدیا۔

عدالت نے سینئر افسر کی تعیناتی سے متعلق پولیس حکام سے جواب مانگ لیا۔ ملزم کو پولیس کی ہتھکڑی اور رنگین ٹوپی پہناکر عدالت سےواپس لے جایا گیا۔ ملزم نے صحافیوں کو بتایا کہ بلدیہ فیکٹری کو آگ اس نے نہیں اصغر بیگ نامی شخص نے لگائی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عبدالرحمان بھولا سے سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں اہم پیشرفت ہوگی۔