Friday, September 20, 2024

سانحہ بلدیہ : ایم کیو ایم نے 25 کروڑ بھتہ لیا: تہلکہ خیز انکشافات

سانحہ بلدیہ : ایم کیو ایم نے 25 کروڑ بھتہ لیا: تہلکہ خیز انکشافات
March 5, 2016
کراچی (92نیوز) سانحہ بلدیہ ٹاو¿ن فیکٹری کے حوالے سے اب تک کی پیشرفت پر مبنی رپورٹ عدالت میں پیش کر دی گئی جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایم کیو ایم کے سیکٹر انچارج رحمان بھولا نے حماد صدیقی کے کہنے پر 25کروڑ کا بھتہ وصول کیا۔ فیکٹری مالکان کی محمدعلی حسن قادری سے ملاقات کروائی گئی جس پر بتایا گیا کہ عمر حسن قادری انیس قائم خانی کے ذریعے معاملہ طے کرائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سانحہ بلدیہ کیس کی پیشرفت رپورٹ ایک بارپھرعدالت میں پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ بھتہ نہ دینے پر فیکٹری کو آگ لگائی گئی اور آگ فیکٹری ملازم زبیر چریہ اور اس کے ساتھیوں کے ذریعے لگوائی گئی جس کے بعد ایم کیو ایم کے سینئر رہنماوں نے واقعے کو حادثہ قرار دینے کیلئے اثرورسوخ استعمال کیا۔ ایم کیو ایم رہنماوں نے فیکٹری مالکان کو ڈرایا دھمکایا اور زخمیوں کو اپنا کارکن بتایا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ فیکٹری مالکان ایک کروڑ بھتہ دینے پر رضا مند تھے لیکن ایم کیوایم رہنما حماد صدیقی کی ہدایت پر سیکٹر انچارج رحمان بھولا نے پچیس کروڑ بھتہ وصول کیا۔ فیکٹری مالکان کی محمدعلی حسن قادری سے ملاقات کروائی گئی اور پیغام دیا گیا کہ عمرحسن قادری انیس قائم خانی کے ذریعے معاملہ طے کروا دیں گے۔ علی حسن قادری نے متاثرین کے نام پر ایم کیوایم رہنماوں کیلئے پانچ کروڑ ننانوے لاکھ روپے کی رقم وصول کی لیکن متاثرین کوفراہم نہیں کی گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ حماد صدیقی‘ رحمان بھولا‘ محمد زبیرچریہ‘ عمرحسن قادری‘ علی حسن قادری‘ ڈاکٹر عبدالستار اور اقبال ادیب ملزم نامزد ہیں جبکہ جے آئی ٹی واقعے کو دہشت گردی قرار دے چکی ہے۔