سانحہ اے پی ایس نے دہشت گردی کے خلاف یکجہتی ، وحدت کو جنم دیا ، عمران خان

اسلام آباد (92 نیوز) سانحہ اے پی ایس کے شہدا کی چوتھی برسی کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا سانحہ اے پی ایس نے دہشت گردی کے خلاف یکجہتی اور وحدت کو جنم دیا۔
سانحہ اے پی ایس کو چار سال بیت گئے مگر غم آج بھی تازہ ہیں۔ اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے بچوں کی شہادت کے واقعے نے قوم کو کرب میں مبتلا کر دیا تھا۔ شہدا کے والدین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں ۔ شہدا اے پی ایس کو بھلایا نہیں جا سکتا۔ دہشتگردی کی جنگ میں جو قیمت ادا کی اسکا تخمینہ نہیں لگایا جا سکتا۔
سانحہ اے پی ایس کے شہدا کی چوتھی برسی پر وزیر خارجہ نے اپنے پیغام میں کہا آرمی پبلک اسکول پر حملہ انتہائی وحشیانہ اور سفاکانہ تھا۔ ہمارے جذبات اور دعائیں شہدا کے لواحقین کیساتھ ہیں۔ 4 سال بعد بھی بربریت پر مبنی سانحے کا درد شدت سے محسوس ہوتا ہے۔
سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی یاد میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا ہے 16 دسمبر کو دہشتگردوں نے معصوم بچوں کو نشانہ بنایا۔ سانحے میں بچھڑ جانے والوں کی یاد ہمیشہ موجود رہے گی۔ پوری قوم شہدا کے والدین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے بھی سانحہ اے پی ایس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ کہتے ہیں قوم شہدا اے پی ایس کی عظیم قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ سفاک دہشتگردوں نے معصوم طلبہ کو بربریت کا نشانہ بنایا جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سفاک درندوں نے معصوم بچوں کو بدترین بربریت کا نشانہ بنایا۔ قیام امن کے عظیم مقصد کے حصول کیلئے معصوم بچوں کا بہنے والا خون رنگ لایا ہے۔