سازش کے باوجود ضمنی الیکشن میں توقعات سےزیادہ سیٹیں ملیں،نواز شریف
![سازش کے باوجود ضمنی الیکشن میں توقعات سےزیادہ سیٹیں ملیں،نواز شریف](https://urdu.92newshd.tv/wp-content/uploads/2018/10/nawaz-sharif-4.jpg)
اسلام آباد ( 92 نیوز ) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ سازش کے باوجود ضمنی انتخابات میں توقعات سے بڑھ کر سیٹیں ملی ہیں ، یہ پیغام ہے کہ آنے والا وقت کس کا ہے ۔
ضمنی انتخابات میں ن لیگی اُمیدواروں کی کامیابی پر نواز شریف نے جہاں خوشی کا اظہار کیا وہیں سیاسی مخالفین کو بھی پیغام دے دیا ، احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے خلاف سازشیں بہت ہوئیں مگر کامیابیاں آنے والے وقت کے حوالے سے واضح پیغام ہے ۔
نوا زشریف نے کہا کہ ہمارے ساتھ کیا سلوک ہو رہا ہے سب دیکھ رہے ہیں ، خواجہ سعد رفیق کو گرفتار کرنے کی تیاریاں ہیں جبکہ شاہد خاقان عباسی پر غداری کا مقدمہ ہے ۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ یہ ریکارڈ پر ہے کہ ہمارے 4 سالوں میں ڈالر 104 روپے سے بڑھا ہی نہیں اور ایک ہی جگہ پر کھڑا رہا اب مہنگائی اور ڈالر کے حالات قوم نے دیکھ لیے ہیں۔