Saturday, July 27, 2024

سارک کانفرنس : چودھری نثار کی دبنگ تقریر پر راج ناتھ سنگھ واپس چلے گئے

سارک کانفرنس : چودھری نثار کی دبنگ تقریر پر راج ناتھ سنگھ واپس چلے گئے
August 4, 2016
اسلام آباد (92نیوز) آئینہ ان کو دکھایا تو برا مان گئے۔ وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان کا مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر کرارا جواب بھارتی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ کوہضم نہ ہوا۔ سارک وزرائے داخلہ کانفرنس ادھوری چھوڑی اور گھر کو چلتے بنے۔ تفصیلات کے مطابق چودھری نثار کے بھی کیا کہنے۔ جب بھی کسی کےخلاف بولتے ہیں توبلاجھجک اور کھل کر بولتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ملکی سیاستدان اکثر چودھری صاحب سے ناراض رہتے ہیں لیکن آج تو ایسا بولے کہ کمال ہی کر دیا۔ باہر والوں کے بھی چودہ طبق روشن ہو گئے۔ جی ہاں بات ہو رہی ہے سارک وزراءداخلہ کانفرنس کی۔ جہاں خطاب کے دوران چودھری نثار نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر ڈٹ کرجواب دیا تو بھارتی وزیرداخلہ برا مان گئے۔ کہتے ہیں سچی بات ہمیشہ کڑوی لگتی ہے۔ تبھی تو راجناتھ سنگھ نے کانفرنس ادھوری چھوڑی اور منہ پھلائے واپس نئی دہلی چلے گئے۔ ایسی چوٹ پڑی کہ مشترکہ اعلامیہ کا انتظار تو دور آخری سیشن میں شرکت تک گوارا نہ کی۔ راجناتھ سنگھ نے چودھری نثار کے ڈنر کو بھی رد کردیا۔ ماضی میں دیکھا جائے توایسا کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے جب کوئی بھارتی وزیر یوں کانفرنس ادھوری چھوڑ کر چل دیا ہو۔ جون 2010ءمیں سارک وزرائے داخلہ کانفرنس میں شرکت کےلئے آئے اس وقت کے بھارتی وزیرداخلہ چدمبرم پورے 2 روز تک اسلام آباد میں ٹھہرے۔ چدمبرم نے رحمن ملک سے خوشگوار ماحول میں ون آن ون ملاقات بھی کی تھی۔ گوکہ ملاقات میں ممبئی حملوں کا معاملہ اٹھایا لیکن ساتھ ساتھ دونوں ملکوں کے مسائل پر بھی کھل کر تبادلہ خیال کیا لیکن ایساکچھ بھی اس بار نہیں ہوا۔ چودھری نثار سے ایسی بھی کیا خطا ہوئی صرف اصلیت ہی توبتائی۔ ملاقات تو دور راجناتھ سنگھ نے میڈیا سے بات تک نہ کی۔ اپنے دیش پہنچ کر بھی جہاز سے اترے اورمیڈیا سے نظریں چرا کر بھاگھم بھاگ گھر کو نکل گئے۔