سابق چیف جسٹس ناصر الملک نے نگراں وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
اسلام آباد (92 نیوز) سابق چیف جسٹس ناصر الملک نے نگراں وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ۔ صدر ممنون حسین نے ان سے حلف لیا ۔
حلف برداری کی تقریب میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، اور ارکان قومی اسمبلی سمیت ججز اور مسلح افواج کے سربراہان نے شرکت کی۔
تقریب حلف برداری کے بعد آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے نگران وزیراعظم سے ملاقات کی اور نگران وزیراعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی۔
نگران وزیراعظم ناصر الملک وزیراعظم ہاؤس آ ئے تو انھیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
نگران وزیراعظم جسٹس ر ناصر الملک کا میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہنا تھا کہ جو میرا مینڈیٹ ہے اس کے مطابق کام کروں گا۔ شفاف انتخابات کا انعقاد اولین ترجیح ہے۔ آج پہلے دن سے ہی کام شروع کر رہا ہوں۔ انشا اللہ عام انتخابات بر وقت ہی ہونگے۔
چیف جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک17 اگست 1950 کو سوات کے ایک محترم گھرانہ میں پیدا ہوئے، 1970 میں گریجوایشن اور 1972 میں ایل ایل بی مکمل کیا جس کے بعد 1976 میں برطانیہ سے ایل ایل ایم مکمل کرنے کے بعد باقاعدہ لا پریکٹس شروع کیا۔
آپ 1981 میں پشاور ہائیکورٹ بار کے سیکریٹری جنرل منتخب ہوئے۔1993-94 میں ایڈوکیٹ جنرل اور 6 جون 1994 کو پشاور ہائیکورٹ اور 2005 میں سپریم کورٹ کے جج بنے۔ اسی دوران جسٹس ریٹائیرڈ ناصر الملک 30 نومبر 2013 سے 6 جولائی 2014 تک بطور قائمقام چیف الیکشن کمشنز فرائض بھی سرانجام دیتے رہے۔ آپ نے 6 جولائی 2014 سے 16 اگست 2015 تک چیف جسٹس کے عہدے پر فرایض سرانجام دیئے۔ اپنے عدالتی کیرئیر میں جسٹس ریٹائیرڈ ناصر الملک نے مختاراں مائی کیس سمیت متعدد اہم فیصلے تحریر کئے۔ جسٹس ریٹائیرڈ ناصر الملک کو انکے کیر ئیر میں غیر جانبداری کے باعث ہمیشہ عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ۔