Saturday, July 27, 2024

سابق چیئرمین سینیٹ کا تلاشی لینے پر پولیس اہلکار پر تشدد‘ گالیاں اُگلتے رہے

سابق چیئرمین سینیٹ کا تلاشی لینے پر پولیس اہلکار پر تشدد‘ گالیاں اُگلتے رہے
May 4, 2016
اسلام آباد (92نیوز) تلاشی لینے کی ذمہ داری سپیشل برانچ کے اہلکار کے لئے جرم بن گئی۔ طاقت کے نشے میں دھت سابق چیئرمین سینیٹ نیئر بخاری نے تلاشی لینے والے اہلکار کو تھپڑ دے مارا۔ متاثرہ اہلکار کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا گیا تاہم آئی جی کے احکامات کے باوجود نیئربخاری کو گرفتار نہیں کیا جاسکا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کی ایف ایٹ کچہری پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد ہر آنے جانے والی کی تلاشی ایس او پی کا حصہ ہے۔ کچہری کے داخلی دروازوں پر سپیشل برانچ کے اہلکار تلاشی لینے پر مامور ہیں۔ آج سابق چیئرمین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری کے کچہری پہنچنے پر محمد ریاض نامی اہلکار نے ان کی تلاشی لینے کی کوشش کی تو وہ برا مان گئے۔ انہوں نے اہلکار کو گالیاں نکالیں اور ساتھ آنے والوں کے ساتھ مل کر اہلکار کی خوب درگت بنائی۔ متاثرہ اہلکار کی درخواست پر تھانہ مارگلہ میں سابق چیئرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ آئی جی طارق مسعود یاسین نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سابق چیئرمین سینیٹ کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا تاہم انہیں گرفتار نہیں کیا گیا۔