سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے رینٹل پاور کیس میں استثنیٰ کی درخواست دائر کر دی
اسلام آباد (92نیوز) سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ رینٹل پاور پلانٹ کا الزم لگانے والے اب خود ہی ان منصوبوں کو درست قرار دے رہے ہیں۔ جو کام پیپلز پارٹی کرے وہ غلط لیکن جو مسلم لیگ (ن) کرے وہ درست ہے۔
تفصیلات کے مطابق سمندری رینٹل پاور پلاٹ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف احتساب عدالت پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران سابق وزیر اعظم کے ساتھ پارٹی کارکن اور وکلاءاور ان کے بھائی بھی موجود تھے۔
سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ہمیشہ عدالتوں کا سامنا کیا ہے۔ اس ملک میں جب کوئی اقتدار میں آتا ہے تو اس پر اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات لگ جاتے ہیں۔
سابق وزیر اعظم نے مسلم لیگ نون کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ وہ عدالت میں اپنی بے گناہی ثابت کریں گے‘ ان پر لگائے گئے تمام الزامات بلاجواز ہیں۔
راجہ پرویز اشرف کی جانب سے حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخوسست بھی دائر کی گئی۔ احتساب عدالت کے جج نثار بیگ نے سماعت 9اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم سمیت تمام ملزمان کو دوبارہ عدالت پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔