اسلام آباد(92نیوز)سابق وزیراعظم نوازشریف کی نااہلی کے بعد عام شہری ہیں ، ان کی ریلی میں قومی وسرکاری وسائل کا استعمال کیوں کیا گیا؟ پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعظم کو خط لکھ کر جواب مانگ لیا۔
تفصیلات کےمطابق تحریک انصاف کی سینئر رہنما عندلیب عباس نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے نام خط میں لکھ ہے کہ نا اہل سابق وزیر اعظم کی ریلی میں قومی و سرکاری وسائل کے ناجائز استعمال کیوں کیا گیا ۔ حکومت سپریم کورٹ کے احکامات کے خلاف نواز شریف اور ان کی سیاسی سرگرمیوں پر ٹیکس دہندگان کا پیسہ کیوں خرچ کر رہی ہے۔ جبکہ نا اہل قرار دیئے جانے کے بعد اب نواز شریف ایک عام شہری ہیں۔انہیں نا اہل ہونے بعد بھی وزیر اعظم ہاؤس اور پنجاب ہاؤس میں قومی دولت خرچ کر کے کیوں ٹھہرایا گیا۔ آپ کی کابینہ کے ارکان نواز شریف کی ریلی میں قومی دولت اور وقت کیوں صرف کر رہے تھے۔ آپ نے ان سے اس کا حساب کیوں نہیں مانگا؟ نواز شریف کی ریلی میں سرکاری اہلکاروں کی تعیناتی اور انہیں وی وی آئی پی پروٹوکول دینا صریحاً کرپشن ہے، ایک عام شہری کو یہ سہولیات کیوں دی گئیں؟ دو ہزار سرکاری ملازمین اور سات سو موٹر سائیکلوں کو ایک نااہل اور عام شہری کی ریلی میں کیوں زبردستی شریک کیا گیا؟ پی ٹی آئی رہنما عندلیب عباس کہتی ہیں کہ سابق وزیر اعظم کو سپریم کورٹ نے بددیانتی کی بنا پر نااہل قرار دیا اور ان پر نیب میں اربوں کے کیسز بھی ہیں۔ افسوس کہ آپ نے بھی ان کی قومی دولت کے ضیاء اور ناجائز استعمال کی روایت کو قائم رکھا ہوا ہے۔ آئین پاکستان انھیں آپ سے ان معلومات کے حصول کا حق دیتا ہے۔ خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اکیس یوم کے اندرانھیں مطلوبہ معلومات فراہم کی جائیں.