Saturday, July 27, 2024

سابق صدر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے حکومتی سطح پر قانونی مشاورت جاری

سابق صدر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے حکومتی سطح پر قانونی مشاورت جاری
March 17, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سابق صدر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لئے حکومتی سطح پر قانونی مشاورت جاری ہے۔ وزارت داخلہ نے معاملے پر وزارت قانون وانصاف سے بھی رہنمائی مانگ لی۔ وزارت داخلہ کو نام ای سی ایل سے نکالنے کے مثبت اشارے ملے ہیں۔ وزارت داخلہ کے ای سی ایل سیکشن میں رات گئے تک سابق صدر پرویز مشرف کا نام لسٹ سے نکالنے کے معاملے کے مختلف پہلوئوں پر غور جاری رہا۔ پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے حوالے سے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کا جائزہ بھی لیا گیا۔ وفاق کی جانب سے ای سی ایل سے متعلق دائر درخواستوں کا جائزہ بھی لیا گیا جبکہ وزارت داخلہ نے معاملے پر وزارت قانون وانصاف سے بھی رہنمائی مانگ لی ہے۔ وزارت قانون وانصاف پرویز مشرف کیخلاف زیرسماعت مقدمات کے قانونی پہلوؤں پر غور کر رہی ہے تاہم اس حوالے سے کوئی بھی حتمی فیصلہ سپریم کورٹ کے تحریری فیصلے کے بعد ہی کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کو نام ای سی ایل سے نکالنے کے مثبت اشارے ملے ہیں۔ وزارت داخلہ میں اس حوالے سے  آج پھر ایک اہم اجلاس ہو گا۔