سابق صدر پرویزمشرف کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم جاری
اسلام آباد (92 نیوز) وزارت داخلہ نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف بڑی کارروائی کا حکم دے دیا۔ سابق صدر کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بلاک ہونے پر سفر نہیں کر سکیں گے اور نہ ہی جائیداد کی خرید و فرخت کر سکیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ پرویز مشرف جہاں بینکنگ کی سہولت سے بھی محروم ہو جائیں گے وہیں سابق صدر کو کسی قسم کی بینک ٹرانزیکشن کرنے کی اجازت نہ ہو گی۔
وزارت داخلہ نے خصوصی عدالت کی ہدایت پر نادرا اور پاسپورٹ کو حکم جاری کیا ۔
قبل ازیں وزارت داخلہ کی ضمنی رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ پاکستان میں مشرف کی 7 میں سے 4 جائیدادیں اب بھی ان کے نام پر ہیں جس پر خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کی گرفتاری اور جائیداد ضبطی کیلئے وزارت داخلہ کو ہدایت کردی اور دفتر خارجہ اور ایف آئی اے حکام کو بھی طلب کر لیا جبکہ یو اے ای کے ساتھ میوچل لیگل اسسٹنس کا معاہدہ بھی طلب کر لیا۔