Tuesday, January 25, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

سابق ایس ایس پی ملیر کو توہین عدالت پر شوکاز نوٹس جاری

سابق ایس ایس پی ملیر کو توہین عدالت پر شوکاز نوٹس جاری
February 16, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) سابق ایس ایس پی ملیر راﺅ انوار کو توہین عدالت پر شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا ۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے نقیب اللہ محسود قتل کیس کی سماعت کی ۔
سابق ایس ایس پی ملیر راﺅ انوارعدالت میں پیش نہیں ہوئے جس کے بعد 2بھائیوں کی جعلی پولیس مقابلے میں ہلاکت پر راﺅ انوارکے خلاف ایک اور درخواست آ گئی ۔
دوران سماعت چیف جسٹس نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ راﺅ انوار کو موقع دیا تھا کہ وہ پیش ہو جائیں ۔ حفاظتی ضمانت کے باوجود وہ نہیں آئے ۔ اب کیا کرنا چاہئے؟؟ ۔
عدالت نے انتظار کے لئے سماعت میں وقفہ کر دیا لیکن پھر بھی راﺅ انوار نہیں پہنچے ۔
دوبارہ سماعت پر چیف جسٹس نے آئی جی سندھ سے استفسار کیا کہ کیا کوئی اشارہ نہیں؟ ۔ راﺅ انوار کہیں نہ کہیں تو ہونگے ۔ اس پر آئی جی سندھ نے جواب دیا کہ منگل کی شام راﺅ انوار نے انہیں وٹس ایپ کال کی اور پیش ہونے کا کہا ۔ فون سے لگتا ہے کہ عدالت کو لکھا خط انہی کا تھا ۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ میڈیا سے معلوم ہوا راﺅ انوار کو جے آئی ٹی پر تحفظات ہیں ۔ اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت راﺅ انوار کو گرفتار نہیں کرنا چاہتی ۔ پولیس گرفتار کرے ۔ شروع میں سستی کا مظاہرہ کیا گیا ۔ ائیر پورٹ سے ہی گرفتار کیا جا سکتا تھا ۔
عدالت نے گزشتہ سماعت پر راﺅ انوار کو سکیورٹی کی فراہمی کا حکمنامہ واپس لیتے ہوئے انہیں شوکاز نوٹس جاری کر دیا ۔ ساتھ ہی عدالت نے حساس اداروں کو راﺅ انوار کی گرفتاری کے لئے مدد فراہم کرنے اور سٹیٹ بینک کو اکاﺅنٹس منجمد کرنے کا حکم بھی دے دیا ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ایک نہ ایک دن ڈھونڈ نکالیں گے ۔
ادھر عدالت نے سندھ پولیس کو گواہوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 15 دن کے لئے ملتوی کر دی ۔