Friday, December 9, 2022

سابق امریکی حسینہ عالم نے ٹرمپ کو بدتمیز اور جارحیت پسند قرار دیدیا

سابق امریکی حسینہ عالم نے ٹرمپ کو بدتمیز اور جارحیت پسند قرار دیدیا
واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکہ میں ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو انتخابات میں ٹف ٹائم دینے کیلئے سابق حسینہ عالم ایلیشیا میچاڈو میدان میں اتر آئیں۔ ایلیشیا کا کہنا ہے کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ بنوائی گئی تصویر پر ہتک محسوس کرتی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ کی حکمرانی کا تاج سر پر سجانے کے لیے جہاں ڈیموکریٹ اور ری پبلکن امیدوار ایڑی چوٹی کا زور لگارہے ہیں وہاں ڈونلڈ ٹرمپ کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔ انیس سو چھیانوے میں مس ورلڈ منتخب ہونے والی لاطینی حسینہ ایلیشیا میچاڈو نے پہلے ہیلری کی پریس کانفرنس میں ٹرمپ کو کھری کھری سنائیں پھر ٹوئیٹر پر ہیلری کی حمایت کرتے ہوئے صدارتی انتخابات میں ان کے حق میں ووٹ دینے کا اعلان کیا۔ سابق مس ورلڈ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ پر برس پڑیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ جارحیت پسند اور بدتمیز شخص ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ٹرمپ کے ساتھ بنوائی جانی والی اپنی ایک تصویر پر وہ ہتک محسوس کر تی ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ سابق مس یونیورس کو” مس پگی“ اور ”مس ہاوس کیپنگ“ جیسے طنزیہ القابات سے نواز چکے ہیں۔ ادھر ہیلری کلنٹن بھی پہلے صدارتی مباحثہ کے دوران ایلیشیا میچاڈو کا تذکرہ کر چکی ہیں جس میں انہوں نے ٹرمپ کو بتایا کہ سابق مس یونیورس بھی اسے ووٹ نہیں دے گی۔