Monday, September 26, 2022

سابق افغان وزیراعظم گلبدین حکمت یار کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات، بین الافغان مذاکرات پر تبادلہ خیال

سابق افغان وزیراعظم گلبدین حکمت یار کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات، بین الافغان مذاکرات پر تبادلہ خیال
 اسلام آباد (92 نیوز) سابق افغان وزیراعظم اور حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یار کی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، بین الافغان مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ‎شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے واضح طور پر کہا تھا کہ افغان ‏‏مسئلے کے دیرپا حل کا واحد راستہ، افغانوں کو قابل قبول سیاسی مذاکرات ہیں۔ ‏‏خوشی ہے کہ آج عالمی سطح پر پاکستان کے موقف کو سراہا جا رہا ہے۔ بین الافغان ‏‏مذاکرات کی صورت میں افغان قیادت کے پاس افغانستان میں امن کی بحالی کا ایک نادر ‏‏موقع ہے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان سمیت خطے میں قیام امن ‏‏کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔ گلبدین حکمت یار نے کہا کہ ہم پاکستان کو اپنا ‏‏دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ ترجمان دفترخارجہ کےمطابق حزب اسلامی افغانستان کے ‏‏سربراہ گلبدین حکمت یار کا یہ دورہ پاکستان اور افغانستان کے مابین وسیع تر دو طرفہ ‏‏روابط کے فروغ کیلئے کی جانے والی کاوشوں کا اہم حصہ ہے۔ گلبدین حکمت یار 19 ‏‏سے 21 اکتوبر تک پاکستان میں قیام کریں گے۔ افغان رہنما صدر پاکستان ڈاکٹر عارف ‏‏علوی، وزیراعظم عمران خان، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور قومی اسمبلی کے ‏‏سپیکر اسد قیصر اور دیگر اہم شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔