Sunday, September 15, 2024

سابقہ چیف سیکرٹری سندھ فضل الرحمان نگران وزیر اعلیٰ منتخب

سابقہ چیف سیکرٹری سندھ فضل الرحمان نگران وزیر اعلیٰ منتخب
June 1, 2018
کراچی (92 نیوز)  سندھ میں نگران وزیراعلیٰ کے نام پر اتفاق ہو گیا۔ سابقہ چیف سیکرٹری سندھ فضل الرحمان نگران وزیراعلیٰ منتخب ہو گئے۔ نائنٹی ٹو نیوز نے سب سے پہلے خبر دینے کی روایت برقرار رکھی اور سات مئی کو ہی سندھ کے نگران وزیراعلیٰ کے طور پر فضل الرحمان کے نام کا بتا دیا تھا۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور سندھ میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فضل الرحمان کے نام کا اعلان کیا۔ دو ہزار آٹھ کے انتخابات کے وقت فضل الرحمان چیف سیکرٹری تھے۔ مراد علی شاہ نے کہا فضل الرحمان کو انتخابات کرانے کا تجربہ ہے۔ وہ آج یا کل ممکنہ طور پر حلف اٹھا لیں گے۔ ادھر خواجہ اظہار الحسن نے کہا نگراں وزیراعلیٰ کی سب سے بڑی آئینی ذمہ داری الیکشن کا انعقاد ہے۔ فضل الرحمان کا نام سیاسی نہیں۔ سابق چیف سیکریٹری سندھ فضل الرحمان آصف زرداری کے انتہائی قریبی سمجھے جاتے ہیں۔ وہ قائم علی شاہ کی کابینہ میں بطور مشیر بھی کام کر چکے ہیں۔ فضل الرحمان بورڈ آف ریونیو سمیت کئی انتظامی محکموں کے سربراہ رہے۔