کراچی (92 نیوز) کراچی میں سندھ مدرستہ الاسلام کے بانی حسن علی آفندی کے پوتے زین آفندی کے قتل میں ملوث ملزموں کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ گرفتار ہونے والے پانچوں ملزمان افغانی باشندے ہیں ۔
کراچی پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کر لی ، سندھ مدرستہ الاسلام کے بانی حسن علی آفندی کے پوتے زین آفندی کے قتل کا معاملہ نہ صرف حل کرلیا بلکہ مرکزی ملزمان کو بھی شکنجے میں لے کر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
پولیس ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ معاملہ دوران ڈکیتی مزاحمت کا شاخسانہ ہے اور گرفتار ہونے والے ملزمان کی تعداد پانچ ہے اور تمام افغانی ہیں جن میں سے تین براہ راست زین آفندی کے قتل میں ملوث ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق تمام ملزمان کے فنگر پرنٹس حاصل کر لئے گئے ہیں جب کہ زین آفندی کے اہلخانہ سے ان کی شناخت نہیں کرائی گئی ۔
دوسری جانب زین آفندی کے گھر چھ جنوری کو ہوئی واردات کی ایک اور سی سی ٹی وی فوٹیج 92 نیوز سامنے لے آٰیا جس میں دو ملزمان جنریٹر کی طرف سے دیوار کود کرآئے اورمرکزی دروازہ کھولا ۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے تمام ملزمان نے اپنے چہرے چھپائے ہوئے تھے ۔