زینب قتل کیس ، مجرم عمران کی سزائے موت کے خلاف اپیل خارج
اسلام آباد (92 نیوز) زینب قتل کیس کے مجرم عمران کی سزائے موت کے خلاف اپیل خارج ہو گئی۔ فیصلہ سپرہم کورٹ کے جسٹس آصف سعید کھوسہ پر مشتمل بینچ نے سنایا ۔
مجرم عمران نے سزائے موت کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔
اس حوالے سے والد زینب امین انصاری نے کہا کہ سُپریم کورٹ آف پاکستان کا شُکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے عمران کو سخت سے سخت سزا دی ہے۔
والد زینب نے کہا ہم نے مُطالبہ کیا ہوُا ہے کہ مُجرم کو سر عام پھانسی دی جائے، ہم پنجاب حکومت سے مُطالبہ کرتے ہیں کہ عمران کو سر عام پھانسی دی جائے تا کہ ہمیں سکون ملے۔
قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ نے زینب کے قاتل عمران علی کی سزائے موت کے خلاف اپیل میں تیاری کے لئے اس کے وکیل کو کئی ہفتےکی مہلت دینے سے انکار کر دیا ۔ جیل سپرٹنڈنٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مجرم کاعدالتی ریکارڈ اور رپورٹ بھی طلب کر لی ۔
مجرم عمران نے اپیل میں موقف اختیار کیا کہ دوران ٹرائل اس نے عدالت کا قیمتی وقت بچانے کے لئے اقرار جرم کیا، اسے رعایت ملنی چاہئے جبکہ حاجی امین کے وکیل اشتیاق چودھری نے کہا کہ ٹرائل جلد مکمل کر کے مجرم کوسر عام سزا دی جائے ۔
انسداد دہشت گردی لاہور کی خصوصی عدالت نے مجرم عمران کو زینب قتل کیس میں جرم ثابت ہونے پر چار مرتبہ سزائے موت، عمر قید اور بتیس لاکھ روپے جرمانے کی سزائیں سنائی تھیں ۔