Sunday, September 15, 2024

زیادہ جمہوری، نمائندہ، قابل احتساب، شفاف سلامتی کونسل چاہتے ہیں طاقتور ملکوں کا توسیعی کلب نہ بنایا جائے: وزیراعظم نوازشریف

زیادہ جمہوری، نمائندہ، قابل احتساب، شفاف سلامتی کونسل چاہتے ہیں طاقتور ملکوں کا توسیعی کلب نہ بنایا جائے: وزیراعظم نوازشریف
October 1, 2015
نیویارک (ویب ڈیسک) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کو طاقتور ملکوں کا توسیعی کلب نہیں بنایا جانا چاہیے۔ وہ زیادہ جمہوری، نمائندہ، قابل احتساب اور شفاف سلامتی کونسل چاہتے ہیں۔ دنیا کو درپیش چیلنجزسے نمٹنے کیلئے اقوام متحدہ بہترین پلیٹ فارم ہے۔ وزیراعظم نوازشریف نے جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج سے ستر سال قبل اقوام متحدہ کا قیام عمل میں آیا، اقوام متحدہ نے مشکلات کے باوجود دنیا بھر کے مسائل حل کرنے کے لیے کام کیا تاہم ابھی تک مکمل طور پر غربت کا خاتمہ نہیں کیا جا سکا۔ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے اور ایٹمی عدم پھیلاؤ کی حمایت جاری رکھے گا۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں ترقی کے لیے چین کی اقتصادی اور معاشی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ وزیراعظم  نوازشریف نے کہا کہ مسلمانوں کے خلاف ناانصافیوں کو ختم کرنا ہو گا۔ داعش جیسی تنظیمیں دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔ انتہاپسندی اور بنیاد پرستی کو جڑ سے ختم کرنا ہو گا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی عمارت میں فلسطینی جھنڈا لہرائے جانے پر خوشی کا اظہار کیا۔ افغانستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف  کا کہنا تھا کہ افغانستان میں قومی حکومت کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور پاکستان افغانستان میں امن اور استحکام چاہتا ہے۔