Thursday, October 6, 2022

زلفی بخاری کا خلیج ٹائمز کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ،مالک سہیل گلداری سے ملاقات

زلفی بخاری کا خلیج ٹائمز کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ،مالک سہیل گلداری سے ملاقات

جدہ ( 92 نیوز)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری نے دورہ متحدہ عرب امارات کے دوران معروف عالمی جریدے خلیج ٹائمز کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نےخلیج ٹائمز کے مالک اور مشہوربزنس مین سہیل گلداری سے ملاقات کی۔سہیل گلداری نے متحدہ عرب امارات سے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان بھی کیا۔

زلفی بخاری  نے دو روزہ دورہ متحدہ عرب امارات کے دوران گزشتہ روز  عالمی جریدے خلیج ٹائمز کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، اس موقع پر قونصل جنرل دبئی احمد امجد علی اور پاکستانی فنکار فخر عالم بھی ان کے ہمراہ تھے۔

خلیج ٹائمز کے ہیڈ آفس کے دورے کے موقع پر انہوں نے جریدے کے مالک اور مشہوربزنس مین سہیل گلداری سے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری اور ترقی کے مواقعوں پر بھی گفتگوکی گئی جبکہ سہیل گلداری کا یو اے ای سے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے  ایک  کروڑ روپے دینے کا اعلان بھی کیا۔

سہیل گلداری نے پاکستان میں سیاحت میں سرمایہ کاری کی خواہش کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیاحتی شعبے میں بہترین کام کیا جا رہا ہے ، انہوں نے ہوٹل انڈسٹری اور خوبصورت ریزورٹ کی تعمیر میں سرمایہ کاری کرنے کا عندیہ بھی دیا۔

اس موقع پر زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق سیاحتی شعبے کی بہتری کیلئے اصلاحات کی گئی ہیں،ہوٹل انڈسٹری کا وسیع تجربہ رکھنے والے بڑے سرمایہ کار گروپ کی دلچسپی خوش آئند ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاحوں کی سہولت کیلئے پاکستان میں30 سے زائد ریزورٹ کھولےجارہےہیں، سیاحتی شعبے کی بحالی کے ساتھ ہی بڑی سرمایہ کاری کا امکان ہے۔