زلفی بخاری، وسیم اکرم اعجاز رحمان، انیلہ خواجہ نے ریحام کو مشترکہ نوٹس بھجوا دیا
اسلام آباد (92 نیوز) ریحام خان کی کتاب شائع ہونےسے پہلے ہی متنازع ہو گئی۔ حمزہ علی عباسی کی ٹویٹ کے بعد شروع ہونے والی بحث اب قانونی نوٹسز تک جا پہنچی۔
زلفی بخاری، وسیم اکرم، اعجاز رحمان اور انیلہ خواجہ نے ریحام خان کو گھٹیا الزام تراشی کرنے پر مشترکہ طور پر نوٹس بھجوا دیا۔
عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کی کتاب نے مارکیٹ میں آنے سےپہلےہی ہلچل مچا دی ۔
تحریک انصاف کے رہنما حمزہ علی عباسی کے بعد لندن میں مقیم عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری نے بھی کتاب پڑھنے کا دعویٰ کر دیا۔
زلفی بخاری نے بھی مسودہ پڑھنے کا دعویٰ کیا اور ایک قدم آگے جاتے ہوئے پیش بندی کے طورپر ریحام خان کو قانونی نوٹس بھی بھجوادیا۔
92 نیوز کو موصول ہونے والی نوٹس کی کاپی کے مطابق قانونی نوٹس زلفی بخاری ، سابق ٹیسٹ کرکٹر وسیم اکرم ، ریحام خان کے سابق شوہر اعجاز رحمان اور تحریک انصاف کی اورسیز میڈیا ہیڈ انیلہ خواجہ کی طرف سے مشترکہ طور پر بھجوایا گیا ۔
قانونی نوٹس میں کہا گیا کہ یہ چاروں شخصیات انتہائی معزز ہیں اس کتاب میں مختلف الزامات کے ذریعے ان کی عزت کو اچھالنے کی کوشش کی گئی جو کسی بھی طرح قابل قبول نہیں ہے۔
نوٹس میں کہا گیا کہ 600 صفحات پر مشتمل کتاب کا مسودہ انہیں نامعلوم ذرائع سے موصول ہوا ۔
نوٹس میں کہا گیا کہ کتاب میں ریحام خان زلفی بخاری کو ظالم اور کمینے شخص کے طور پر پیش کیا، وسیم اکرم کی مرحوم اہلیہ پرغلیظ الزامات لگائے گئے، ریحام کے سابق شوہر اعجاز رحمان پر تشدد کرنے کا الزام لگایا گیا اور انیلہ خواجہ پر بھی غلیظ ذاتی حملے کیے گئے۔
دوسری طرف ریحام خان نے بھی حمزہ علی عباسی کو قانونی نوٹس بھیج دیا ہے ۔
اس نوٹس میں کہا گیا کہ حمزہ علی عباسی کچھ عرصے سے ریحام خان پر جھوٹےالزامات لگا کرانہیں بدنام کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔