Tuesday, November 30, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

زبیدہ آپا کراچی میں انتقال کرگئیں

زبیدہ آپا کراچی میں انتقال کرگئیں
January 5, 2018

کراچی (92 نیوز) معروف ماہر امور خانہ داری زبیدہ آپا کراچی میں انتقال کرگئیں۔ زبیدہ آپا کچھ عرصہ سے علیل تھیں، انتقال حرکت قلب بند ہونے سے ہوا۔ ان کی نماز جنازہ آج بعد نماز جمعہ ڈیفنس کی سلطان مسجد میں ادا کی جائے گی۔

زبیدہ آپا کے نام سے مشہور زبیدہ طارق 4 اپریل 1945 کو حیدرآباد دکن میں پیدا ہوئیں۔ 1947 میں تقسیم ہند کے بعد ان کا خاندان پاکستان منتقل ہوگیا۔ زبیدہ طارق کی شہرت کی ایک وجہ اُن کے وہ ٹوٹکے بھی تھے جو وہ اپنے ٹی وی پروگرامز کے دوران ناظرین کو بتایا کرتی تھیں۔ انہوں نے دو دہائی قبل کوکنگ ایڈوائزر کی حیثیت سے شوبز میں قدم رکھا اور اپنے کوکنگ شوز کے ذریعے مقبولیت حاصل کی۔

ہجرت کے بعد کراچی کے علاقے پی آئی بی کالونی میں اپنے پانچ بہنوں اور 4 بھائیوں کے ساتھ رہائش پزیر ہوئیں۔ 1953 میں والد کا سایہ بھی نہ رہا۔ آپ کے کزن، طارق مقصود نے شادی کی پیشکش کی اور پھر 21 سال کی عمر میں 1966 میں شادی کی اور جمشید روڈ پر رہائش پزیر ہوئیں۔ ان کے 2 بچے ہیں جن کے نام حسین طارق اور صبا طارق ہیں۔

زبیدہ طارق جس خاندان سے تعلق رکھتی تھیں اس کا حصہ پاکستان کی مایہ ناز مصنفہ فاطمہ ثریا بجیا، منفرد لہجے کی شاعرہ زہرہ نگاہ اور ہر خاص و عام میں مقبول قلمکار، شاعر، مزاح نگار، مصور اور اداکار انور مقصود بھی ہیں۔

آپ کے بھائی انور مقصود نے تصدیق کی ہے کہ زبیدہ آپاحرکت قلب بند ہونے سے 72 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں۔ آپ کی نماز جنازہ بعد نماز جمعہ سلطان مسجد ڈیفنس میں ادا کی جائے گی۔