Sunday, November 28, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

ری پبلکن پارٹی ٹرمپ سے ناخوش‘ صدارتی نامزدگی منسوخ کرنے کی دھمکی دیدی

ری پبلکن پارٹی ٹرمپ سے ناخوش‘ صدارتی نامزدگی منسوخ کرنے کی دھمکی دیدی
August 16, 2016
واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے نئی مصیبت۔ ری پبلکن پارٹی نے ٹرمپ کو ڈیڈ لائن دے دی۔ پانچ ستمبر تک رویہ بہتر اور انتخابی مہم موثر نہ بنائی تو نامزدگی سے ہاتھ دھونا پڑ سکتے ہیں۔ ادھر ڈونلڈ ٹرمپ نے انسداد دہشت گردی کا مجوزہ منصوبہ بھی پیش کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ری پبلکن پارٹی نے اپنے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کیا ہے کہ وہ پانچ ستمبرتک رویہ بہتر کریں اور اپنی انتخابی مہم موثر بنائیں ورنہ پارٹی ان کی بطور صدارتی امیدوار نامزدگی منسوخ کر دے گی۔ ڈونلڈ ٹرمپ کو یہ انتباہ وال اسٹریٹ جنرل نے ری پبلکن پارٹی کے ذرائع سے دیا ہے۔ ری پبلکن پارٹی کی وارننگ ٹرمپ پر اب تک کا شدید ترین حملہ ہے جس نے ٹرمپ کی نامزدگی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ کئی سینئر ری پبلکن رہنما ٹرمپ سے پہلے ہی کنارہ کشی کر چکے ہیں۔ اخبار کا کہنا ہے ڈونلڈ ٹرمپ نے لیبر ڈے تک انتخابی مہم اور رویہ بہتر نہ بنایا تو ری پبلکن پارٹی کے پاس ان کی نامزدگی منسوخ کرنے کے سوا کوئی چارہ نہ ہو گا۔ ٹرمپ کو اگر صدر بننا ہے تو وہ ہر کسی پر الزام تراشی بند کریں اور انتخابی مہم کو باوقار بنائیں ورنہ وہ اپنے نائب مائیک پینس کو صدارتی امیدوار نامزد کر دیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امریکی فوج کے عراق میں مارے گئے مسلم کیپٹن کی والدہ پر نکتہ چینی اور باراک اوباما اور ہلیری کو داعش کا بانی قرار دینے کے بیانات پر امریکا بھرمیں تنقید کی جا رہی ہے۔ ادھر ڈونلڈ ٹرمپ نے انسداد دہشت گردی کا نیا منصوبہ پیش کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ نوجوان امریکیوں میں انتہاپسندی روکنے کے لیے کمیشن بنائیں گے۔ تارکین وطن کی سختی سے چھان بین کی جائے گی۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ صدر منتخب ہوا تو داعش کےخلاف نیٹو اتحادیوں کےساتھ ملکرکام کروں گا۔ امریکاکی حفاظت کے لیے بعض ممالک سے امیگریشن معطل کر دی جائےگی۔ ان میں وہ ممالک شامل ہیں جودہشت گردی برآمد کرتے ہیں۔