Saturday, July 27, 2024

رینجرز کو اختیارات ملتے ہی 4 افراد گرفتار‘ 15 ملزم پولیس کے ہتھے چڑھ گئے

رینجرز کو اختیارات ملتے ہی 4 افراد گرفتار‘ 15 ملزم پولیس کے ہتھے چڑھ گئے
August 2, 2016
کراچی (92نیوز) رینجرز نے الکرم اسکوائر میں سرچ اپریشن کے دوران چار مشتبہ افراد حراست میں لے لئے۔ گرفتار ملزم خالد کی نشاندہی پر کارروائی میں بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ صدر کے علاقے میں پولیس نے 15 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق کرا چی میں رات گئے رینجرز اور پولیس نے جرائم پیشہ افراد کی اطلاع پر کریک ڈاون کیا۔ لیاقت آباد الکرم اسکوائرمیں رینجرز نے سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران راستوں کو بند کر کے عمارت کی تلاشی لی گئی۔ رینجرز ذرائع کے مطابق کارروائی پہلے سے گرفتار ملزم خالد کی نشاندہی پر کی گئی۔ کارروائی کے دوران ملزم کے گھر کی تلاشی بھی لی گئی۔ ذرائع نے مزید بتا یا کے عمارت میں تین گھنٹے تک جاری رہنے والے سرچ آپریشن کے دوران ملزم خالد کے بھائی سمیت چار مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ ذرائع نے مزید بتایا کے ملزم خالد کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے جسے چند روز قبل کارروائی کے دوران حراست میں لیا گیا تھا۔ دوسری جانب ایم اے جناح روڈ تاج کمپلیکس کے عقب میں پولیس نے بھی سرچ آپریشن کیا۔ پولیس کے مطابق سرچ آپریشن جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ آپریشن کے دوران رہائشی عمارتوں اور خالی پلاٹوں کی تلاشی لی گئی جہاں سے 15 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ پولیس نے مزید بتایا کہ حراست میں لیے گئے افراد کو تھانے منتقل کر کے تفتیش کی جائے گی اور جرائم میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی ہو گی۔