رینجرز چوکیوں میں ملوث ملزم کو پولیس نے چھوڑ دیا، رپورٹ عدالت جمع

کراچی(92نیوز)پولیس کا ایک اور کارنامہ سامنے آگیا رینجرز نے چوکیوں پرحملوں میں ملوث ملزم پکڑا مگر پولیس نے ملزم کو بے گناہ قرار دے کر چھوڑ دیا ۔ رپورٹ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں جمع کرادی گئی ۔
تفصیلات کےمطابق رینجرز کے موقف کی ایک بارپھر تصدیق ہوگئی کہ ہم ملزم پکڑتے ہیں پولیس انہیں چھوڑ دیتی ہے ، رینجرز کے اعلی افسران کی شکایت بار بار کئے جانے کے باوجود پولیس کے چلن میں کوئی فرق نہ آیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں ناظم آباد رینجرز چوکی پر حملے کے معاملے پر پولیس شواہد جمع کرنے میں ناکام رہی اور مقدمے کو داخل دفتر کردیا گیا ۔ پولیس نے گرفتار ملزم اسد احمد صدیقی کو سیکشن 497 کے تحت چھوڑنے کی رپورٹ عدالت میں پیش کردی ۔ تفتیشی افسرکے مطابق دوران تفتیش ملزم کے خلاف چوکی پر حملے کے کوئی شواہد نہیں ملے ۔ 29جنوری 2016 کو ناظم آباد رینجرز چوکی پر پٹرول بم حملہ کیا گیا تھا ۔ واردات میں ملوث ملزم کو اسد احمد صدیقی کو رینجرز نے نوے روز تحویل میں رکھنے کے بعد پولیس کے حوالے کیا تھا ۔ ملزم نے جے ائی ٹی میں دیگر سنگین جرائم میں ملوث اور رینجرز چوکی پر حملے کا اعتراف کیا تھا ۔ پولیس نے رپورٹ میں مقدمے کے ملزمان حبیب پاگل اور ریحان عرف کانا ودیگر مفرور قرار دیا ہے ۔