رینجرز اختیارات میں توسیع کا فیصلہ پارٹی قیادت کریگی : قائم علی شاہ

کراچی(92نیوز)وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے رینجرزکی لاڑکانہ میں کارروائیوں کی تحقیقات کا اعلان کر دیا ہے ۔ قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی کے باہر رینجرز کو اختیارت نہیں ہیں،اختیارات میں توسیع کا فیصلہ پیپلز پارٹی قیادت کرے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی کا کہنا تھا کہ رینجرز کو کراچی کے علاوہ سندھ میں کسی قسم کے اختیارات حاصل نہیں ہیں لاڑکانہ میں چھاپے مارکر رینجرز نے اختیارات سے تجاوز کیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں بھی رینجرز کو ٹارگٹ کلنگ ،بھتہ خوری ،انسداد دہشتگردی کے اختیارات دیئے گئے تھے اور وہ تین سال سے کام بھی کررہی ہے ۔ انکا کہنا تھا کہ سندھ کے باقی شہروں میں پولیس موجود ہے اس لئے وہاں رینجرز کو اختیارات نہیں دیئے گئے جبکہ رینجرز کی لاڑکانہ میں کارروائیوں کی تحقیقات کروائی جائیں گی ۔