Wednesday, May 1, 2024

ریلوے کا بہاولنگر، سمہ سٹہ سیکشن سمیت تین ٹریکس کی بحالی کا فیصلہ

ریلوے کا بہاولنگر، سمہ سٹہ سیکشن سمیت تین ٹریکس کی بحالی کا فیصلہ
March 18, 2021

راولپنڈی (92 نیوز) پاکستان ریلوے کا بڑا اقدام، بہاولنگر، سمہ سٹہ سیکشن سمیت تین ٹریکس کی بحالی کا فیصلہ کرلیا۔ ٹریکس کی بحالی پر 12 ارب 39 کروڑ روپے کی لاگت ائے گی۔ ریلوے نے تینوں منصوبے ایف ڈیلیو او کو دینے کا بھی فیصلہ کرلیا۔ وزارت ریلوے اور ایف ڈبلیو او میں کل معاہدہ ہوگا۔

پاکستان ریلوے اور ایف ڈبلیو او نے ریلوے کی ترقی کیلئے ہاتھ ملا لیا۔ باضابطہ معاہدہ جمعے کو وزارت ریلوے میں ہوگا۔ جس کے تحت 12 ارب 39 کروڑ روپے کی لاگت سے تین سیکشنز کو نہ صرف بحال کیا جائیگا بلکہ ریلوے اسٹیشنز کی بھی بحالی کی جائے گی۔ تینوں سیکشنز کی بحالی کے بعد نا صرف ریلوے ٹرینوں کی رفتار بڑھ جائے گی بلکہ حادثات میں بھی کمی آئے گی۔

معاہدے کے تحت عرصہ دراز سے غیرفعال سمہ سٹہ اور بہاولنگر کے درمیان 183 کلومیٹر کا نیا ٹریک بچھایا جائیگا۔ اس کے ساتھ پلوں کی بحالی 10 ریلوے اسٹیشنوں اور 80 پھاٹکوں کی بحالی کی جائے گی۔ اس منصوبے پر7عشاریہ 735 ارب روپے لاگت آئے گی۔

دوسرا منصوبہ دادو حبیب کوٹ سیکشن جس میں مکمل نیا ٹریک ڈالا جائے گا اور پھاٹکوں کی بحالی کی جائے گی اس سیکشن پر 2عشاریہ 438 ارب اروپے خرچ ہوں گے۔

تیسرامنصوبہ مین لائن 2 میں ماڑی انڈس اور اٹک سیکشن کے درمیان سوہان پل سے برولی کے درمیان ریلوے ٹریک ہے جہاں پر نیا ٹریک بچھایا جائے گا اور پھاٹکوں کی بحالی کی جائے گی جس پر 2 عشاریہ 222 ارب روپے لاگت آئے گی۔

ذرائع وزارت ریلوے کہتے ہیں کہ صرف بہاولنگر، سمہ سٹہ ٹریک بحالی سے تقریباً تیس لاکھ افراد مستفید ہونگے۔ علاقے کے لوگوں کا احساس محرومی دور ہو گا اور معاشی وسائل میں اضافہ ہوگا۔