Wednesday, September 18, 2024

ریحام خان کی کتاب آنے سے قبل ہی متنازعہ،وسیم اکرم،اعجاز رحمان ودیگر نے نوٹس بھجوادیا

ریحام خان کی کتاب آنے سے قبل ہی متنازعہ،وسیم اکرم،اعجاز رحمان ودیگر نے نوٹس بھجوادیا
June 4, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) ریحام خان کی کتاب آنے سے قبل ہی متنازعہ ہو گئی ، زلفی بخاری ، وسیم اختر ، اعجاز رحمان اور انیلہ خواجہ نے الزامات پر نوٹس بھجوا دیئے ۔ کتاب میں ریحام خان نے اپنے سابق شوہر پر تشدد کا الزام لگایا،وسیم اکرم کی سابق اہلیہ کو بھی نشانہ بنایا جبکہ انیلہ خواجہ کے حوالے سے بھی نازیبا الفاظ کا استعمال ہوا۔ عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کی کتاب نے مارکیٹ میں آنے سے پہلے ہی پاکستان میں ایک زلزلہ برپا کردیا ہے ۔ تحریک انصاف کے رہنما حمزہ علی عباسی نے اس کتاب کا مسودہ پڑھنے کا دعویٰ کرتے ہوئے ٹوئٹرپر پوسٹ کیا کہ اس کتاب میں عمران خان شیطان اور ریحام نے خود کو ایک تہجد گزار خاتون کے روپ میں پیش کیاہے۔ اس کے بعد اس کتاب پر نہ ختم ہونے والی بحث کا آغازہوگیا۔ حمزہ علی عباسی کے بعد عمران خان کے قریبی دوست لندن میں مقیم زلفی بخاری نے بھی مسودہ پڑھنے کا دعویٰ کیا اور ایک قدم آگے جاتے ہوئے پیش بندی کے طورپر ریحام خان کو قانونی نوٹس بھی بھجوادیاگیاہے ۔92نیوز کو موصول ہونے والی نوٹس کی کاپی کے مطابق یہ قانونی نوٹس زلفی بخاری ، سابق ٹیسٹ کرکٹر وسیم اکرم ، ریحام خان کے سابق شوہر اعجاز رحمان اور تحریک انصاف کی اوورسیز میڈیا ہیڈ انیلہ خواجہ کی طرف سے مشترکہ طورپر بھجوایاگیا ہے۔ قانونی نوٹس میں کہاگیاہے کہ یہ چاروں شخصیات انتہائی معزز ہیں اس کتاب میں مختلف الزامات کے ذریعے ان کی عزت کو اچھالنے کی کوشش کی گئی جو کسی بھی طرح قابل قبول نہیں ہے۔ نوٹس میں کہاگیا کہ 600صفحات پر مشتمل کتاب کا مسودہ انہیں نامعلوم ذرائع سے موصول ہواجسے پڑھ کر وہ یہ نوٹس بھجوارہے ہیں کہ اس آنے والی کتاب میں سے ان واقعات کو نکال دیاجائے۔ نوٹس میں کہاگیا ہے کہ کتاب میں ریحام خان زلفی بخاری کو ظالم اور کمینے شخص کے طورپرپیش کیا، وسیم اکرم کی مرحوم اہلیہ پر غلیظ الزامات لگائے گئے،ریحام کے سابق شوہر اعجاز رحمان پر تشدد کرنے کا الزام لگایاگیا اور انیلہ خواجہ پربھی غلیط ذاتی حملے کیے گئے ۔ دوسری طرف ریحام خان نے بھی حمزہ علی عباسی کو قانونی نوٹس بھیج دیاگیاہے ۔اس نوٹس میں کہاگیا کہ حمزہ علی عباسی کچھ عرصے سے ریحام خان پر جھوٹے الزامات لگاکر انہیں بدنام کرنے کی کوشش  کررہاہے ۔